فرقہ وارانہ نفرت کی کورونا وائرس سے زیادہ خوفناک وباء
حیدرآباد ۔ /22 اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس کی روک تھام اور اسے لڑنے کیلئے ہر کوئی اپنی کوششیں کررہا ہے لیکن فرقہ پرست افراد اس مشکل وقت میں بھی شرانگیزی سے باز نہیں آرہے ہیں ۔ اسی قسم کے ایک واقعہ میں محکمہ برقی سے وابستہ ایک ملازم کو شرپسندوں نے اپنا نشانہ بناتے ہوئے اسے شدید زدوکوب کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق آج رات 9 بجے محکمہ برقی کے لائن مین محمد شریف گوکل نگر پہونچ کر اسٹریٹ لائیٹس کی مرمت کی اور اسے کارکرد بنادیا ۔ اپنی ڈیوٹی انجام دے کر واپس لوٹ رہا تھا کہ 15 افراد پر مشتمل اشرار کے ایک گروپ نے اسے روک لیا اور اس کا نام پوچھا ۔ اس نے اشرار کی اس حرکت پر اعتراض کیا اور نام پوچھنے کی وجہ طلب کی جس کے نتیجہ میں اسے اشرار نے شدید زدوکوب کردیا جس کے نتیجہ میں اس کے ناک پر گہرا زخم آیا ۔ محمد شریف کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا اور اس کا علاج کروایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد شریف نے گوکل نگر کے ساکن کمل کمار کی شکایت پر اسٹریٹ لائیٹس کی مرمت کیلئے پہونچا تھا اور اپنا کام انجام دینے کے بعد واپس لوٹنے کے دوران اسے دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا ۔ اس پر حملہ کے بعد کمل کمار نے اسے فون پر جواب نہیں دیا ۔ اس واقعہ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے باوجود بھی اشرار کی ٹولیاں ابھی بھی سرگرم ہے اور اس مشکل وقت میں بھی اپنی فرقہ پرست ذہنیت سے باز نہیں آرہے ہیں ۔ محمد شریف نے حبیب نگر پولیس اسٹیشن سے ایک تحریری شکایت درج کروائی ۔
جس کے نتیجہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے ۔ پولیس نے اشرار کی نشاندہی کرلی ہے اور ایف آئی آر میں ان کے ناموں کا اندراج کیا جارہا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔