گوکل چاٹ کے مالک کو کورونا کی توثیق ‘ افراد خاندان کورنٹائن

,

   

گاہکوں میں تشویش کی لہر ۔ حالیہ وقتوں میں گوکل چاٹ آنے والوں کو گھریلو قرنطینہ میں رہنے محکمہ صحت کا مشورہ۔ چاٹ بھنڈار بند

حیدرآباد۔16جون(سیاست نیوز) شہر میں معروف گوکل چاٹ بھنڈار کے مالک کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور اس خبر نے گوکل چاٹ کے گاہکوں میں تشویش کی لہر پیدا کردی ہے۔ گوکل چاٹ کے 74 سالہ مالک کو کورونا وائرس کی تصدیق کے ساتھ ہی یہ خبر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس اورذرائع ابلاغ اداروں میں گشت کرنے لگی ۔ لاک ڈاؤن کے دوران گوکل چاٹ مکمل طور پر بند رہا لیکن 16مئی سے گوکل چاٹ میں گاہکوں کی آمد و رفت جاری ہے ۔ گذشتہ یوم گوکل چاٹ کے مالک کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد علاقہ میں ان کے مکان کے علاقہ کو کنٹینمنٹ زون قراردیا گیا ہے ۔ گوکل چاٹ انتظامیہ کا کہناہے کہ کورونا وائرس سے متاثرمالک گوکل چاٹ کافی عرصہ سے ہوٹل نہیں آرہے تھے اور لاک ڈاؤن کے بعد سے وہ مکمل طور پر گھر پر ہی ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ گوکل چاٹ کنگ کوٹھی میں خدمات انجام دینے والے ایک رشتہ دارکے سبب گوکل چاٹ کے مالک میں وائرس منتقل ہوا ہے۔ شہر میں چاٹ کے دلدادہ افراد کی پہلی پسند تصور کئے جانے والے گوکل چاٹ کے مالک کو کورونا کی توثیق کے بعد کہا جا رہاہے کہ فوری طو رپر الگ تھلگ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ گوکل چاٹ کے مالک کے علاوہ 20 دیگر افراد خاندان کو بھی قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چند نے گھریلو قرنطینہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے تحقیقات کی ہیں کہ متاثرہ مالک نے گذشتہ چند یوم کے دوران چاٹ بھنڈار کا دورہ کیا تھا یا نہیں لیکن ان کی تحقیق کے بعد یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مذکورہ شخص علامات کے ظاہر ہونے کے بعد سے چاٹ بھنڈار پر نہیں پہنچا ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت و مجلس بلدیہ حیدرآباد کی جانب سے گوکل چاٹ کا آنے والوں کا جائزہ لیا جا رہاہے اور گوکل چاٹ بھنڈار کا حالیہ عرصہ میں دورہ کرنے والے گاہکوں کو مشورہ دیا جائے گا کہ وہ خود کو کچھ یوم کیلئے قرنطینہ کرلیں تاکہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں انہیں مؤثر علاج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ گوکل چاٹ کے مالک کو کورونا وائرس کی توثیق کے سلسلہ میں ان کے افراد خاندان کا کہناہے کہ ابتدائی ایام میں انہیں تیزبخار اور دیگر عوارض کے سبب ان کا معائنہ کروایا گیا۔مسٹرمکند داس وجئے وارگیا نے وضاحت کی کہ ان کے صدر خاندان کو کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے لیکن وہ ریٹائرڈ ہیں اور چاٹ بھنڈار نہیں آتے تھے ۔ ان کی خاندان کی جانب سے کی گئی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ان کے گھریلو ملازم کے سبب وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے بعد سے وہ گھر سے باہر نہیں نکلے ہیں۔کہا گیا ہے کہ مالک کو کورونا توثیق کے بعد گوکل چاٹ کو عارضی طورپر بند کردیا گیا ہے ۔