27 منٹ کی تاخیر پر امتحان تحریر کرنے سے محروم ، قواعد پر سختی سے عمل آوری
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : انٹر کے طالب علم کو گوگل کے میاپس پر بھروسہ کرنا مہنگا ثابت ہوا ۔ گوگل میاپس کے غلط ڈائرکشن کی وجہ سے طالب علم امتحان میں شرکت کرنے سے محروم ہوگیا ۔ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہونچنے سے قاصر رہنے والے طالب علم کو امتحان تحریر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی کیوں کہ انٹر میڈیٹ بورڈ نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ تاخیر سے پہونچنے والے طلبہ کو امتحانات میں شرکت کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جائے گا ۔ ضلع کھمم میں یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کھمم رورل منڈل کے کنڈاپورم سے تعلق رکھنے والے طالب علم انٹر کا امتحان تحریر کرنے کے لیے امتحانی مرکز پہونچنے کے لیے گوگل میاپس پر بھروسہ کیا ۔ اس میں بتائے گئے ڈائرکشن پر روانہ ہوا ۔ تاہم وہ امتحانی مرکز کے بجائے دوسرے مقام کو پہونچ گیا ۔ وہاں امتحانی مرکز ناپاکر دوڑ دھوپ کرتے ہوئے معلومات حاصل کر کے امتحانی مرکز پہونچا ۔ امتحانی مرکز کی تلاش میں ونئے 27 منٹ تاخیر سے اپنے امتحانی سنٹر پہونچا لیکن اس وقت تک کافی تاخیر ہوچکی تھی ۔ سخت قواعد کے مطابق امتحانی سنٹر کے منتظمین نے ونئے کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ جس پر صدمہ کا شکار ہونے والا طالب علم گھر لوٹ گیا ۔۔ ن