لاری پانی میں پھنس گئی ، ڈرائیور اور کلینر کو مقامی افراد کی مدد
سدی پیٹ /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گوگل میاپ دیکھ کر راستہ تلاش کرنے کی کوشش میں ایک لاری پانی میں پھنس گئی ۔ یہ واقعہ ریاست تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق تمل ناڈو کی ایک لاری منگل کی رات چیریال سے حسن آباد کی طرف جارہی تھی ۔ ڈرائیور شیوا اور کلئینیر مانڈیا راستے سے واقف نہیں تھے ۔ انہوں نے راستہ تلاش کرنے کیلئے گوگل میاپ کا سہارا لیا ۔ انہیں گوگل میاپ میں نظر آیا کہ نندارم اسٹیج کے بعد روڈ ہے وہ گوگل میاپ کو فالو کرتے ہوئے آگے بڑھنے لگے کہ اسی دوران اکناپیٹ منڈل کے گڑاٹی پلی کے قریب زیر تعمیر گوڑاٹی پلی پراجکٹ کے پاس لاری پہنچ گئی ۔ راستے میں تاریکی تھی ڈرائیور نے سمجھا کہ شاید بارش کی وجہ سے سڑک پر پانی جمع ہے کیونکہ میاپ میں راستہ نظر آرہا تھا ۔ وہ لاری لے کر آگے برھتا گیا یہاں تک کہ اس کی لاری گہرے پانی میں چلی گئی اور کیبن تک پانی پہونچ گیا ۔ پانی کیبن میں داخل ہونے لگا ڈرائیور نے بوقت چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاری روک دی ۔ ڈرائیور اور کلینیر لاری سے اترکر قریب میں واقع راماورم موضع پہونچ گئے ۔ انہوں نے مقامی افراد کو اطلاع دی ۔ جس کے بعد مقامی افراد نے رسیوں کی مدد سے لاری کو کھینچ کر پانی سے باہر نکالا جس کے بعد لاری بائی پاس روڈ سے آگے کے سفر کیلئے روانہ ہوگئی ۔