جکارتہ : انڈونیشیا میں گوگل میپ پر اندھا اعتماد ڈرائیور کو لے ڈوبا اور گاڑی زیر تعمیر پل سے نیچے جاگری۔ رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جاوا میں گوگل جی پی ایس کی مدد سے سفر کرنے والا ڈرائیور گوگل میپ کے بتائے ہوئے راستے پر مڑا ڈرائیور تیز رفتاری سے جارہا تھا کہ اچانک پل ختم ہوگیا اور گاڑی 40 فٹ نیچے مصروف سڑک پر جاگری۔ ڈرائیور نے اسمارٹ فون اپنی بی ایم ڈبلیو تھری سیریز کے ڈیش بورڈ پر لگایا ہوا تھا اور وہ دوست کے گھر کا راستہ گوگل میپ کے ذریعہ فالو کررہا تھا۔ خوش قسمتی سے گاڑی کی دوسری گاڑیوں سے ٹکر نہیں ہوئی اور گاڑی چلانے والے 61 سالہ ڈرائیور روڈی ہیرو کومانڈونو کو بھی حیرت انگریز طور پر کوئی چوٹ نہیں آئی۔ حادثہ کی وائرل وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی اچانک پل سے نیچے گرتی ہے جبکہ دیگر گاڑیاں بھی سڑک پر رواں دواں ہیں لیکن وہ معجزاتی طور پر ٹکرانے سے بچ جاتی ہیں۔