گوگل نے ملک کی پہلی خاتون رکن اسمبلی متھو لکشمی ریڈی پر بنایا ڈوڈل

   

نئی دہلی۔ 30 جو لائی (سیاست ڈاٹ کام) گوگل نے منگل کو ملک کی مشہورماہرتعلیم، ممبر اسمبلی، سرجن اور سماجی مصلح ڈاکٹر متھولکشمي ریڈی کی جینتی پر ان کا ڈوڈل بنا کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ ڈاکٹر ریڈی کی آج 133 ویں یوم پیدائش ہے ۔ڈاکٹر ریڈی ایک استاد، سرجن اور سماجی مصلح تھیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی سماجی اصلاح میں لگادی۔ انہیں ملک کی پہلی خاتون رکن اسمبلی ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ڈاکٹر ریڈی کو سماجی عدم مساوات، صنفی بنیاد پر تفریق اور لوگوں کو مکمل صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی کوششوں کے لئے بھی جانا جاتا ہے ۔ وہ تمل ناڈو کے سرکاری اسپتال میں سرجن کے طور پر کام کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔ تمل ناڈو حکومت نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ ہر سال 30 جولائی کو ‘ہاسپٹل ڈے ’کے طور پر منائے گی۔ڈاکٹر ریڈی کی پیدائش 1886 میں تمل ناڈو کے ‘ پڈوک کوٹائی’ میں ہوئی تھی۔ وہ 1912 میں ملک کی پہلی خاتون ڈاکٹربنی اور مدراس کے سرکاری زچگی اسپتال میں پہلی خاتون سرجن بنی۔انہوں نے 1918 میں ویمن انڈیا ایسوسی ایشن کو پھر سے قائم کیا اور مدراس اسمبلی کی پہلی خاتون رکن (اور ڈپٹی اسپیکر) کے ساتھ ساتھ پہلی خاتون رکن اسمبلی منتخب ہوئیں۔ انہوں نے لڑکیوں کی شادی روکنے کیلئے قوانین بنائے اور غیر اخلاقی اسمگلنگ کنٹرول ایکٹ اور دیوداسی روایت کے خاتمہ کیلئے بل منظور کرنے کے لئے قانون ساز کونسل پر زور دیا۔متھولکشمي کو ان کے ان تعاون کے لئے 1956 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 22 جولائی 1968 کو چنئی میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔