نیویارک: گوگل کی ملکیتی کمپنی الفابیٹ گروپ نے چہارشنبہ کو کہا کہ گوگل اسرائیلی ٹیک فرموں اور فلسطینی کاروباروں کی مدد کیلئے 8 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔بیان میں اسرائیل اور حماس جنگ کے دوران چھوٹی کمپنیوں کی مالی اعانت حاصل کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیا گیا۔گوگل نے کہا کہ اس کا 4 ملین ڈالر کا سپورٹ فنڈ اسرائیل میں اے آئی سٹارٹ اپس کو فراہم کیا جائے گا اور مزید 4 ملین ڈالر ابتدائی مرحلے کے فلسطینی اسٹارٹ اپس اور کاروباروں کو کام جاری رکھنے میں مدد کیلئے جائیں گے۔اسرائیلی اسٹارٹ اپس کو دی جانے والی گرانٹ اسرائیل انوویشن اتھارٹی کے ہنگامی فنڈ کے علاوہ ہوگی جو 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔گوگل نے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسرائیل میں بہت سے اسٹارٹ اپ سرمایہ کاروں سے سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں کام جاری رکھنے کیلئے فوری طور پر مالیاتی پل کی ضرورت ہے۔گوگل نے مصنوعی ذہانت سلوشنز اور سرویسز میں تقریباً 20 اسٹارٹ اپس کی مدد کی پیشکش کی ہے۔
