شہریت ترمیمی بل پر عوام کا احتجاج، بل کی کاپیاں نذرآتش
گوہاٹی ۔ 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی آج شمال مشرقی علاقہ میں دو روزہ دورہ پر یہاں آمد کے فوری بعد عوام نے سیاہ پرچم کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کا سیاہ پرچموں سے استقبال کرتے ہوئے عوام کی بڑی تعداد نے مجوزہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف نعرے لگائے۔ اسٹوڈنٹس یونینوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعظم کے دورہ کے دوران شہریت ترمیمی بل کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔ 25 ڈسمبر سے اب تک مودی کا یہ تیسرا دورہ آسام ہے۔ انہوں نے ریاست میں سب سے بڑا بوگے بل برج کا افتتاح کیا تھا۔ گذشتہ جنوری میں بھی انہوں نے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہریت ترمیمی بل لانے کا وعدہ کیا تھا۔ کل وزیراعظم مودی اروناچل پردیش، آسام اور تریپورہ میں کئی پرڈاکٹس کا افتتاح اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے موٹروں کا قافلہ جیسے ہی نکلا آل آسام اسٹوڈنٹ یونین نے سیاہ پرچم لہراتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کئے۔ مودی کے دورہ کے موقع پر سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں دن میں آل آسام اسٹوڈنٹس یونین اور دیگر 38 تنظیموں نے شہریت ترمیمی بل کی کاپیاں نذرآتش کیں۔ اسٹوڈنٹس یونینوں نے کہا کہ وہ بل کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ کل بھی احتجاج کیا جائے گا۔ نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس یونین کے سربراہ اوپندرا نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے جلسوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔