گٹلہ بیگم پیٹ اور دیگر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات

   

وزیر داخلہ محمود علی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔30 ۔اگست (سیاست نیوز) ضلع رنگا ریڈی کی اوقافی جائیدادوں اور خاص طور پر عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی تحفظ کے سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم کے ہمراہ پولیس ، ریونیو اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کے تحت 90 ایکر اراضی موجود ہے جس کے بیشتر حصہ پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں۔ عدالت کے احکامات کے باوجود بعض قابضین تعمیری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی روک تھام کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا ، کمشنر جی ایچ ایم لوکیش کمار ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم ، ڈپٹی کمشنر پولیس مادھا پور ایم وینکٹیشورلو ، زونل کمشنر روی کرن اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ عہدیداروں کو بتایا گیا کہ عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی پر نئے شیڈس کی تعمیر جاری ہے۔ کمشنر سائبر آباد نے غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی اور نئے تعمیری کاموں کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوں اور شکایت درج کرائے۔ انہوں نے رنگا ریڈی ضلع میں موجود دیگر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے تعاون کا یقین دلایا جن میں عاشور خانہ علی سعد شامل ہیں۔ عہدیداروں کو بتایا گیا کہ ہائی کورٹ اور ٹریبونل میں مقدمات کے باوجود غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی سے کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کو رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ میں آٹو لاک کرنے کے باوجود بلدیہ کی جانب سے تعمیر کی اجازت دی جارہی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے ماتحت عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری احکامات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ریونیو اور پولیس کے تعاون سے جائیدادوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم نے ریاست بھر میں اوقافی جائیدادوں کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا اور کہاکہ وقف بورڈ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی سمت گامزن ہیں۔ انہوں نے وقف بورڈ میں عملہ کی کمی کا ذکر کیا اور بتایا کہ عملہ کی تعداد میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ حکومت غیر مجاز قبضوں کو برداشت نہیں کرے گی ۔ متعلقہ محکمہ جات ، ریونیو ، بلدیہ اور پولیس کو احکامات جاری کئے جائیں گے کہ وہ وقف بورڈ عملہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے وقف بورڈ میں عملہ کی تعدداد میں اضافہ کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ پولیس اور ریونیو کے تعاون کے بغیر غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی موثر پیروی کیلئے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے حالیہ عرصہ میں اوقافی جائیدادوں کے 500 سے زائد غیر مجاز رجسٹریشنس کی منسوخی کی تفصیلات پیش کیں۔ R