گٹلہ بیگم پیٹ میں ناجائز قبضوں کی برخاستگی کے خلاف وقف بورڈ متحرک

,

   

پولیس اور ریونیو عہدیداروں کے ساتھ محمد سلیم کا دورہ، بلدیہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر پر اعتراض
حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضیات پر ناجائز قبضوں اور مجلس بلدیہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس، ریونیو اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ہمراہ گٹلہ بیگم پیٹ پہنچ کر مسجد اور عیدگاہ کے تحت سروے نمبر 1 تا 9 میں موجود 90 ایکر 17 گنٹے اراضی کا معائنہ کیا۔ اراضی پر کئی ناجائز قبضے ہوچکے ہیں اور غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض غیر سماجی عناصر نے حالیہ عرصہ میں قیمتی اراضی پر تعمیری کام کا آغاز کیا اس کے علاوہ وقف بورڈ کی اجازت کے بغیر مجلس بلدیہ نے سڑک کی تعمیر کا کام انجام دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کریں تاکہ پولیس اور ریونیو حکام کی جانب سے قانونی کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض معاملات عدالت میں زیر دوران ہیں لیکن وقف بورڈ کی ملکیت پر کسی کو اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے وقف بورڈ اس اراضی کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی بورڈ کی اولین ترجیح ہوگا۔ محمد سلیم نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے رویہ پر ناراضگی جتائی جنہوں نے وقف بورڈ کی اجازت اور اطلاع دیئے بغیر وقف اراضی پر سڑک تعمیر کی ہے۔ صدرنشین نے کہا کہ وقف بورڈ کی اراضی حاصل کرنے کی صورت میں مارکٹ ریٹ کے حساب سے بورڈ کو معاوضہ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وقف اراضی کے موقف کو کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ بورڈ کو اس بات کا اختیار ہے کہ وہ غیر مجاز قابضین کے خلاف فوجداری کارروائی کرے اور رجسٹریشن کی منسوخی کے لیے محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس سے رجوع ہو۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کریں تاکہ قانونی کارروئی کی جاسکے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر رائو وقف اراضیات کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں اور انہوں نے بورڈ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔