دبئی ۔اسکاٹ لینڈ کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو اس کے خلاف کامیابی کیلئے جدوجہد کرنی پڑی اور ایک بڑااسکور بنانے کے باوجود اسے صرف 16 رنز کی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔مطلوبہ نشانے کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ نے156/5 رنز بنائے حالانکہ ایک موقع پر ایسا لگ رہا کہ شاید اسکاٹ لینڈ ورلڈ کپ کا حیران کن نتیجہ فراہم کرے گی۔قبل ازیں گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو کامیابی کے لیے 173 رنز کا ہدف دے دیا۔ دبئی کرکٹ گراؤنڈ میں منعقدہ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ نے ایونٹ کی روایت کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس میچ میں مارٹن گپٹل کے بیٹ نے رنزکے انبار لگادیے، جہاں دیگرکھلاڑی یکے بعد دیگر آؤٹ ہوتے جارہے تھے وہیں گپٹل رنز بٹورتے جارہے تھے تاہم وہ ورلڈ کپ کی دوسری سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہوں نے 56 گیندوں پر93 رنزکی اننگز کھیلی۔گپٹل کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل ہیں۔ اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 33 اور جمی نیشم نے 10 رنز بنا کر ٹیم کو 172 کے مجموعے تک پہنچایا۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے براڈ ویل اور صفیان شریف نے فی کس دو جبکہ مارک ویٹ نے ایک وکٹ لی۔