جموں وکشمیر کا اگلا چیف منسٹر بی جے پی سے ہوگا ، کانگریس ڈوبتا جہاز:رویندر رینا
سری نگر :جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے ہفتہ کے روز بتایا کہ کانگریس ڈوبتا ہوا جہاز ہے اور مرکزی علاقہ میں اُس کا وجود ہی ختم ہو کررہ گیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی دن بدن جموں وکشمیر میں مضبوط ہورہی ہے اور نہ صرف اگلی حکومت بی جے پی کی ہوگی بلکہ چیف منسٹر بھی ہمارا ہی ہوگا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی ) کا اتحاد بھی ٹوٹ جائے گا۔ان باتوں کا اظہار رینا نے ایک نیوز پورٹل سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں کانگریس کا اب کوئی وجود ہی نہیں کیونکہ جس لیڈر کے بل بوتے پر وہ یہاں سرگرمیاں چلا رہے تھے وہ اب اپنی نئی پارٹی تشکیل دینے کے کام میں مصروف ہے۔ اُن کے مطابق کانگریس کی کشتی میں کانگریسیوں نے ہی سوراخ کیا ہے اور یہ پارٹی اب ڈوبنے کے قریب پہنچ گئی۔بی جے پی کی جانب سے کانگریس میں پھوٹ ڈالنے کے بارے میں رویندر رینا نے کہاکہ جس پارٹی کا کوئی وجود نہیں ہم اُنہیں کیا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو خود کانگریسیوں نے نقصان سے دوچار کیا اور اس ضمن میں بی جے پی پر الزام عائد کرنا بالکلیہ غلط ہے ۔الیکشن میں کانگریس کی جانب سے بی جے پی کو ٹکر دینے کے بارے میں رویندر رینا نے کہاکہ جس پارٹی میں اب کوئی لیڈر بچا ہی نہیں وہ کیا ٹکر دے گی۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ جس طرح سے کانگریس کے سینئر قائدین دوسری پارٹیوں میں شامل ہو رہے ہیں اسی طرح گپکار اتحاد بھی عنقریب ٹوٹ جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں دن بدن مضبوط ہوتی جارہی ہے اور آنے والے انتخابات میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنائے گی اور وزیر اعلیٰ ہمارا ہی ہوگا۔ رینا نے کہاکہ ترنگا مہم کے دوران وادی کشمیر کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وہاں کے لوگ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر کے ہندو، مسلمان، سکھ ، عیسائی اور دوسرے طبقوں کے لو گ مل جل کر بی جے پی اُمیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریںگے ۔