گچی باؤلی اراضی پر مرکزی ٹیم کا دورہ حیدرآباد‘ تلنگانہ حکومت کے وفد نے تفصیلات سے واقف کرایا

   

حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کنچہ گچی باؤلی کی 400 ایکر اراضی کے تنازعہ کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی محکمہ جات پر مشتمل کمیٹی نے آج حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی سے متصل اراضی کا معائنہ کیا۔ کمیٹی نے حکومت ، اپوزیشن اور سیول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا موقف جاننے کی کوشش کی۔ مرکزی وزارت ماحولیات جنگلات کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی سے تلنگانہ حکومت کے وفد نے ملاقات کی اور 400 ایکر اراضی کے بارے میں حکومت کا موقف پیش کیا۔ اراضی تنازعہ جب سپریم کورٹ پہنچا تو عدالت نے کنچہ گچی باؤلی اراضی پر بڑے پیمانہ پر درختوں کی صفائی پر ناراضگی جتائی ۔ سپریم کورٹ نے مرکزی عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ مرکزی کمیٹی صدرنشین سدھانت داس اور دیگر دو ارکان حیدرآباد پہنچے اور اراضی کا معائنہ کیا۔ تلنگانہ حکومت نے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرکے اراضی کے سرکاری ہونے کا دعویٰ کیا اور اس سلسلہ میں دستاویزات پیش کئے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں طویل قانونی جدوجہد کے بعد یہ اراضی حاصل کی گئی ہے۔ کمیٹی کل 11 اپریل کو بھی حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے مختلف نمائندگیاں وصول کرے گی۔1