گچی باؤلی اسپورٹس کامپلکس کی تعمیر محمد قمرالدین کا کارنامہ

   

حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) گچی باؤلی میں حکومت نے جس 14 منزلہ اسپورٹس کامپلکس کو کورونا ہاسپٹل میں تبدیل کردیا ہے، اس کی تعمیر کے سلسلہ میں اس وقت کے چیف انجنیئر محمد قمرالدین کی غیر معمولی خدمات رہیں۔ 2007 ء میں محکمہ قبائلی بہبود کے چیف انجنیئرکی حیثیت سے محمد قمرالدین نے 14 منزلہ اسپورٹس کامپلکس کو 9 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرتے ہوئے حکومت کے حوالے کردیا تھا۔ اس وقت کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور وزیر اسپورٹس کیپٹن آر دامودر ریڈی نے ریکارڈ مدت میں کامپلکس کی تعمیر پر قمرالدین کی ستائش کی تھی۔ محمد قمرالدین جو اقلیتی کمیشن کے صدرنشین ہیں، انہوں نے کامپلکس کو کے سی آر حکومت کی جانب سے ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ ایم سی کنسلٹنٹ نے 14 منزلہ عمارت کا ڈیزائن تیار کیا تھا جس کی منظوری چیف انجنیئر محمد قمرالدین نے دی۔ ناگرجنا کنسٹرکشن کمپنی نے 9 ماہ کی مدت میں تعمیر مکمل کی اور اس وقت فیلڈ انجنیئر احمد عبدالسمیع اور اسسٹنٹ انجنیئر اسپورٹس اتھاریٹی منیر الدین نے چیف انجنیئر کی اعانت کی۔ راج شیکھر ریڈی حکومت نے تلنگانہ میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے یہ کامپلکس تعمیر کیا تھا جہاں کھلاڑیوں کے قیام کا انتظام کیا گیا تھا۔ ابھرتے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ انہیں قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔