قتل کے شبہ پر تحقیقات میں انکشاف ، شرابی باپ سے دلبرداشتہ بیٹی کا اقدام
حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی کے علاقہ میں ایک لڑکی نے عمارت کی بلندی سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ یہ بات گچی باؤلی پولیس ذرائع نے بتائی ۔ اس لڑکی کی شناخت کے بعد پولیس نے یہ بات بتائی ۔ جس کی نعش کل پولیس کو دستیاب ہوئی تھی اور پولیس قتل کا شبہ ظاہر کر رہی تھی اور یہ بات بھی گشت کر رہی تھی کہ لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد اس کا قتل کیا گیا ۔ تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں 16 سالہ لڑکی ناگشوری کی موت خودکشی ثابت ہو رہی ہے ۔ جس نے ایک بلند عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگاکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ ناگیشوری مجید بنڈہ علاقہ کے ساکن موگلایا کی بیٹی تھی جو چائے کا اسٹال چلاتی تھی اور اس لڑکی کا باپ شراب کے نشہ کا عادی تھااور ہر دن کسی نہ کسی بات پر جھگڑا کرتا تھا ۔ لڑکی والد کی ان حرکتوں نے تنگ آچکی تھی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ لڑکی نے کل چائے کا اسٹال بند کرنے کے بعد یہ انتہائی اقدام کرلیا ۔