گچی باولی عارضی دواخانہ آئندہ ہفتہ تیار ہوجائے گا

   

کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے 500 بستروں پر مشتمل دواخانہ کی تیاری کا کام تیزی سے جاری
حیدرآباد۔7اپریل(سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما رؤنے آج ریاستی وزیر صحت مسٹرایٹالہ راجندر کے ہمراہ گچی باؤلی میں زیر تعمیر عارضی کورونا وائرس کے دواخانہ کی تیاری کے کاموں کا جائزہ لیا ۔مسٹر ایٹالہ راجندر اور مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ان کاموں کا جائزہ لینے کے دوران ماہرین سے تبادلہ ٔ خیال کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اس سہولت کو قابل استعمال بنانے میں کتنا وقت درکا ہوگا۔ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں جاری دواخانہ کی تکمیل کے کاموں کے سلسلہ میں بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ اس کورونا وائرس کے لئے مخصوص عارضی دواخانہ میں مریضوں کی منتقلی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ اسٹیڈیم میں جاری 1500 بستروں پر مشتمل اس دواخانہ کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریاستی وزراء نے ذمہ داروں سے کہا کہ کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کے علاوہ قرنطینہ میں جن لوگوں کو رکھا جانے والا ہے ان لوگوں کے لئے علحدہ گوشوں کی تیاری کے ساتھ ساتھ علحدہ کمروں کی تعمیر کو بھی جلد مکمل کیا جائے اور ان میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات بھی کئے جائیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ریاستی وزراء کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے احکام کی اجرائی کے ساتھ ہی گچی باؤلی اسٹیڈیم کو حاصل کرتے ہوئے کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس جگہ کو کسی بھی عصری سہولتوں سے آراستہ دواخانہ کے طرز پر تیار کیا جا رہاہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے جاریہ ہفتہ کے اختتام تک ان کاموں کو مکمل کرلینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے مقابلہ کیلئے جو کوشش کی جا رہی ہے ان میں اس دواخانہ کی تعمیر انتہائی اہم ہے اور جس رفتار سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اس پر قابو پانے کیلئے بھی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن جو لوگ متاثر ہو چکے ہیں ان کے بہتر علاج اور انہیں درکار سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہواس کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے عارضی قرنطینہ اور دواخانوں کے قیام کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں زیر تعمیر اس عارضی دواخانہ میں تمام عصری سہولتوں کے علاوہ وینٹیلیٹرس کی فراہمی کے اقدامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ ہفتہ سے ہی اس عارضی دواخانہ میں مریضوں کے علاج کو شروع کردیا جائے۔