گچی باولی میں المناک سڑک حادثہ ۔ 5 افراد ہلاک

,

   

حیدرآباد : سائبرآباد کے علاقہ گچی باؤلی میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں کار اور لاری کے تصادم کے نتیجہ میں 5 افراد بشمول ایک سافٹ ویئر انجنیئر ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار سوئفٹ کار جس میں نوجوان سفر کررہے تھے نے ٹریفک سگنل کو توڑ کر مخالف سمت سے آنے والی ٹپر گاڑی کو ٹکر دیدی ۔ یہ حادثہ گچی باؤلی کے علاقہ ویپرو سرکل کے پاس پیش آیا اور اس خوفناک منظر کو مقامی سی سی ٹی وی میں قید کیا گیا ہے ۔ اس المناک سڑک حادثہ کے نتیجہ میں 5 افراد جن کی شناخت کے سنتوش (سافٹ ویئر انجنیئر) ، کے پون کمار ، سی ایچ منوہر ، پپو بھردواج اور ناگی شیٹی روشن کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی نعشوں کو گچی باؤلی پولیس کی ٹیم نے دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ تیز رفتاری سے گاڑی چلانے اور ٹریفک سگنل توڑ کر یوٹرن لینے کے دوران یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ دونوں گاڑیوں کے تصادم میں سوئفٹ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔