حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) گچی باؤلی پولیس نے آدھی رات کو لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والے آٹو ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ آٹو میں سوار لڑکی کی دو افراد کی جانب سے اجتماعی عصمت ریزی کی افواہ پھیلائی گئی تھی ۔ سائبرآباد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ اور فون نمبر کی بنیاد پر پروین کو گرفتار کرلیا ۔ پروین کا تعلق ضلع نلگنڈہ سے بتایا گیا ہے جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 32 سالہ متاثرہ لڑکی کا تعلق چینائی سے ہے اور لڑکی یہاں شہر حیدرآباد میں رہتی ہے جو پیشہ سے خانگی ملازمہ اور آرکیٹکٹ بتائی گئی ہے ۔ لڑکی تہوار کی تعطیلات کے سبب اپنے آبائی مقام گئی تھی اور اسی دن رات دیر گئے واپس ہورہی تھی نے لنگم پلی علاقہ میں بس سے اُترنے کے بعد سواری کی منتظر تھی جو نانک رام گوڑہ علاقہ جارہی تھی ۔ لڑکی کو پروین کا آٹو دستیاب ہوا اور وہ اس میں سوار ہوگئی ۔ آٹو جیسے ہی سنٹرل یونیورسٹی کے علاقہ میں پہنچا ، مین روڈ پر سنسان مقام دیکھتے ہوئے پروین نے آٹو کو روک دیا اور فوری آٹو کی سیٹ پر پہونچ گیا ، اس نے لڑکی کا منہ بند کرنے کے بعد اُس پر جنسی حملہ کیا ۔ لڑکی نے مزاحمت کی لیکن پروین نے اس پر حملہ کردیا اور اس پر حاوی ہوگیا ۔ لڑکی کی چیخ پکار پر ایک فوڈ ڈیلیوری بوائے آٹو کے قریب پہونچا اور پروین اس شخص کو لیکر فرار ہوگیا ۔ اطلاع کے فوری بعد پہونچی پولیس نے لڑکی کو ہاسپٹل پھر بھروسہ سنٹر منتقل کیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔