عوام کی زندگی سے حکومت کا کھلواڑ، ڈاکٹرس کے تقررات کا مطالبہ
حیدرآباد : کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ حکومت کے پاس عوام کی زندگی بچانے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گچی باؤلی میں قائم کردہ کوویڈ ہاسپٹلس کو ابھی تک شروع نہیں کیا گیا۔ اُنھوں نے حکومت سے سوال کیاکہ گچی باؤلی ہاسپٹل کے آغاز میں تاخیر کی وجوہات سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے میں کے سی آر حکومت کے تساہل نے عوامی زندگی کو خطرہ پیدا کردیا ہے۔ ریاست میں دن بہ دن کورونا کے واقعات اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے لیکن کے سی آر حکومت خواب غفلت کا شکار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف بھی کورونا سے متاثر ہوا جس کی اہم وجہ احتیاطی کٹس کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر بڑی کمپنیوں اور دولت مند افراد سے عطیات حاصل کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں لیکن اُنھیں عوامی زندگی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ پریس کانفرنس اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کے سی آر بلند بانگ دعوے کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کورونا ٹسٹ کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے پیچھے ہے۔ اگر بروقت زیادہ ٹسٹ کئے جاتے تو صورتحال اِس قدر خراب نہ ہوتی۔ اُنھوں نے گچی باؤلی کے کوویڈ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کے تقررات میں تاخیر پر نکتہ چینی کی اور کہاکہ جب تک تقررات پورے نہیں کئے جاتے اُس وقت تک مریضوں کو منتقل نہیں کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیاکہ خانگی میڈیکل کالجس کو حکومت اپنی تحویل میں لے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کے لئے علاج کی سہولت فراہم ہوسکے۔ اُنھوں نے عوامی زندگی کے تحفظ میں ناکامی پر حکومت کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
