گڈناواگو پراجکٹ سے پانی کا اخراج ‘ دو دروازے کھول دیئے گئے

   

بھیسنہ ۔ 20 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھینسہ شہر اور اطراف و اکناف میں گذشتہ دو روزہ سے رات کے اوقات میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ماحول سرد محسوس کیا جا رہا ہے ۔بارش کی وجہ سے سڑکوں پر گڑھے نمودار ہوچکے ہیں جس سے راہگیروں کو کافی مشکلات پیش آ رہی ہے ۔ بھینسہ کے علاوہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا میں بارش جاری ہے جس کی وجہ سے بھینسہ شہر کے گڈنا واگو پراجکٹ میں کافی پانی داخل ہوچکا ہے ۔ جس کی سطح آب خطرے کے نشان تک پہنچ گئی ہے ۔ گڈنا واگو پراجکٹ کے انتظامیہ نے پراجکٹ کے آٹھ دروازوں کے منجملہ دو دروازے کھولتے ہوئے فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ جس کی اطلاع پر شہر کے عوام بالخصوص خواتین کثیر تعداد میں گڈنا واگو پراجکٹ پہنچ کر نظارہ کر رہے ہیں ۔ بھینسہ گڈنا واگو پراجکٹ ایف آر ایل 358.7 میٹر (1176.5) فٹ ہے جس کی مکمل صلاحیت پانی جمع رہنے کی 1.852ٹی ایم سی ہے ۔ پراجکٹ میں تین ہزار کیوزک انفلو ہونے کی وجہ سے پراجکٹ انتظامیہ نے دو دروازوں کو کھولتے ہوئے چار ہزار کیوزک آڈٹ فلو فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا ہے ۔