بھینسہ۔/28جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے گڈناواگو پراجکٹ میں گزشتہ شام ایک نعش آبی سطح پر برآمد ہوئی جس کی شناخت اور افراد خاندان کا پولیس نے آج پتہ لگایا ہے۔ ٹاؤن سب انسپکٹر پولیس وشنو پرکاش نے بتایا کہ گزشتہ شام کے اوقات میں گڈنا واگو پراجکٹ کی آبی سطح پر ایک نوجوان لڑکے کی نعش برآمد ہوئی جو کافی مسخ ہوچکی تھی اور نعش کی شناخت کے علاوہ افراد خاندان کا پتہ نہیں ہونے پر بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں نعش کو منتقل کردیا گیا اور پولیس کارروائی انجام دی گئی۔ آج نعش کی شناخت اور اسکے افراد خاندان کا پتہ لگالیا گیا ہے۔ نعش کی شناخت تانور منڈل کے موضع بولسا کے 20 سالہ جے بھیم راؤ ولد جے پرکاش اگریکلچر مزدور کی حیثیت سے کی گئی ہے جو جمعرات کے روز اپنے مکان موضع بولسا سے بھینسہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی غرض سے نکلا ۔ افراد خاندان کی جانب سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ 20 سالہ جے بھیم راؤ نے گڈنا واگو پراجکٹ میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ہوگی کیونکہ گزشتہ کچھ ماہ قبل بھی اس نوجوان نے اس طرح سے خودکشی کیلئے گڈنا واگو پراجکٹ میں چھلانگ لگائی تھی لیکن اس کے رشتہ داروں نے اسے پانی سے بچالیا تھا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے ٹاؤن ایس آئی وشنو پرکاش نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔