گڈی انارم فروٹ مارکٹ کی جگہ عصری سہولتوں کے ساتھ ہاسپٹل کی تعمیر: کے سی آر

   

شہر کے چاروں سمت ٹمس کا منصوبہ، باٹا سنگارم میں عصری سہولتیں، کسی بھی تاجر سے ناانصافی نہیں ہوگی
حیدرآباد۔7 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ باٹا سنگارم میں عصری سہولتوں کے ساتھ فروٹ مارکٹ قائم کی جا رہی ہے اور گڈی انارم سے تعلق رکھنے والے کسی بھی تاجر کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اطراف چار ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تاکہ دور دراز کے علاقوں سے علاج کے لئے عوام کو شہر آنے کی ضرورت نہ پڑے۔ گچی باؤلی میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا آغاز ہوچکا ہے، اس کے تحت مزید تین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس قائم کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں شہری ترقی پر مباحث کے دوران چیف منسٹر نے گڈی انارم فروٹ مارکٹ کی منتقلی سے تاجروں کو مشکلات کے بارے میں مجلسی ارکان کی توجہ دہانی پر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیکل انفراسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد میں عثمانیہ ، گاندھی اور نیلوفر ہاسپٹلس کے علاوہ نمس سرکاری سطح پر موجود ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی بڑے ہاسپٹلس نہیں ہیں۔ حکومت شہر کے اطراف 4000 تا 8000 بستروں کی گنجائش کے ساتھ عصری سہولتوں پر مبنی ہاسپٹل کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس کیلئے گڈی انارم میں اراضی کی نشاندہی کی گئی ۔ گچی باؤلی میں 14 منزلہ ٹمس کی کارکردگی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیسٹ اور مینٹل ہاسپٹل کی 61 ایکر اراضی پر ایک ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ الوال ریلوے اسٹیشن کے قریب ملکاجگری اسمبلی حلقہ میں بھارتیہ ودیا بھون کی 28 ایکر اراضی ہاسپٹل کے لئے حاصل کی گئی ہے۔ معاوضہ کے طور پر دوسرے مقام پر 6 ایکر اراضی بھارتیہ ودیا بھون کو الاٹ کی گئی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ہاسپٹل کے لئے 28 ایکر اراضی کا رجسٹریشن مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اراضی کا حصول آسان نہیں ہے ، لہذا مشرقی حیدرآباد میں گڈی انارم کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے چاروں طرف چار بڑے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ باٹا سنگارم میں بہتر انفراسٹرکچر کے ساتھ فروٹ مارکٹ تیار کی جارہی ہے ۔ شہر کی آبادی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں فروٹ مارکٹ کو حکومت تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چھوٹے یا بڑے تاجر کے ساتھ ناانصافی حکومت کا منشاء نہیں ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ شہر کے مشرقی علاقہ میں ایک بڑا ہاسپٹل قائم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر زراعت نرنجن ریڈی کی نگرانی میں باٹا سنگارم میں انفراسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو وہاں کوئی تکلیف ہو تو حکومت دور کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے ، لہذا وہ اس بارے میں کچھ زیادہ نہیں کہہ سکتے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ فروٹ مارکٹ کی منتقلی میں تعاون کریں۔ ر