شہر کی بڑی ہول سیل مارکٹ میں صاف و صفائی ندارد ، معمولی بارش پر مارکٹ دلدل میں تبدیل
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر کی بڑی ترکاری مارکٹوں میں ایک گڈی ملکاپور ترکاری مارکٹ میں مسائل کا انبار پایا جاتا ہے ۔ صحت و صفائی پر توجہ دینے کے اقدامات پر ان دنوں غیر معمولی چوکسی جاری ہے ۔ تاہم گڈی ملکاپور مارکٹ میں صحت و صفائی کا کوئی پاس و لحاظ نہیں ۔ ترکاری کی برآمد و در آمد کے لیے جہاں مال برداری داری نظام میں مشکلات ہیں تو وہیں دوسری طرف بارش کے سبب کیچڑ جمع ہوجاتا ہے ۔ کمیشن ایجنٹس اور عوام کو لاحق مشکلات پر بارہا توجہ دہانی کے باوجود عہدیداروں کی لاپرواہی مجرمانہ غفلت کا سبب بن رہی ہے ۔ اس مارکٹ میں آٹو ٹرالیوں کے اُلٹ جانے کے واقعات ماضی میں پیش آچکے ہیں ۔ باوجود اس کے راستہ پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔ عہدیداروں کی مبینہ لاپرواہی کے سبب صاف اور معیاری ترکاری کی فروخت مشکل ہوگئی ہے ۔ کسانوں کی جانب سے اولین ساعتوں تازی ترکاری منتقل کرنے کے باوجود مارکٹ میں عدم سہولیات سے ترکاری ناقص شکل اختیار کررہی ہے ۔ ایک طرف کمیشن ایجنٹس کو نقصان تو دوسری طرف عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں عہدیدار یکسر طور پر ناکام ثابت ہورہے ہیں ۔ گڈی ملکاپور مارکٹ میں سہولیات کے فقدان پر افسوس کے کوئی توجہ دینے والا نہیں اور نہ ہی مارکٹ کمیٹی کو اس کی فکر پائی جاتی ہے ۔ معمولی سی بارش پر مارکٹ میں داخلہ مزید مشکل ہوجاتا ہے ۔ گڈی ملکاپور ہول سیل ترکاری کی مارکٹ کو 7 ایکڑ کے رقبہ پر تعمیر کیا گیا اور اس مارکٹ میں تقریبا 180 کمیشن ایجنٹس پائے جاتے ہیں ۔ جن میں 90 افراد کو پکی دوکانات مختص کی گئیں ہیں جب کہ دیگر 90 سڑک پر دوکانات کے روبرو ہی اپنا کاروبار کرتے ہیں ۔ مارکٹ میں سی سی روڈ کی تعمیر کو عمل میں لانے کے بعد کھڈوں کی مرمت کو عمل میں نہیں لایا گیا ۔ اس کے علاوہ سب سے اہم مسئلہ صفائی کا ہے جو سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے ۔ کچرا کی عدم صفائی کے سبب ترکاری سڑ جانے سے بدبو اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور صاف و تازہ ترکاری کی فروخت غیر یقینی بنتی جارہی ہے ۔ مارکٹ کے کمیشن ایجنٹس کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ پر بارہا توجہ دہانی کے باوجود عہدیداروں کی جانب سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ تیز بارش کے بعد ترکاری سے لدے تھیلے پانی میں سڑجانے سے کمیشن ایجنٹس کو نقصان ہورہا ہے ۔ اور بارش میں بھیگی اور ڈوبی ہوئی ترکاری کو مارکٹ میں فروخت کرنے کے الزامات بھی گڈی ملکاپور مارکٹ کو ان دنوں اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہیں ۔ ارباب مجاز کو اس سنگین مسئلہ پر فوری توجہ مرکوز کرتے ہوئے موثر اقدامات کرنے کی فوری ضرورت ہے ۔۔ A