گڈ گورننس انڈیکس ۔ دو شعبوں میں تلنگانہ سر فہرست

   

تجارت و صنعت اور سوشیل ویلفیر و ڈیولپمنٹ زمرہ میں ملک کی تمام ریاستوں پر سبقت

حیدرآباد 25 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاست نے گڈ گورننس انڈیکس 2021 میںدو زمروں میں ملک بھر میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔ تلنگانہ کو تجارت و صنعت کے علاوہ سوشیل ویلفیر و ڈیولپمنٹ کے زمرہ میں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ گڈ گورننس انڈیکس کی آج گڈ گورننس ڈے کے موقع پر دہلی میںوزیر داخلہ امیت شاہ نے اجرائی عمل میں لائی ۔ پبلک سیکٹر اورمعاشی گورننس کے شعبہ میں تلنگانہ کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ یہ رپورٹ محکمہ اڈمنسٹریشن ‘ ریفارمس و عوامی شکایات نے تیار کی ہے جس میں 10 شعبہ جات کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ گڈ گورننس انڈیکس کے ذریعہ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو چار زمروں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ حالانکہ بحیثیت مجموعی رینکنگ میں تلنگانہ کو نواں مقام حاصل ہوا ہے لیکن اس کے جملہ اسکور میں اضافہ ہوا ہے ۔ خاص طور پر زراعت اور متعلقہ شعبہ جات میںبہتر ترقی ہوئی ہے ۔ اسی طرح پبلک انفرا اسٹرکچر ‘ معاشی گورننس اور سوشیل ویلفیر و ڈیولپمنٹ شعبہ جات میں بھی ترقی ہوئی ہے ۔ انڈیکس میں کہا گیا ہے کہ بحیثیت مجموعی 20 ریاستوں نے اپنی جامع سی جی جی آئی رینکنگ میں بہتری لائی ہے ۔ تلنگانہ ریاست کو تجارت و صنعت کے شعبہ میں اولین مقام حاصل ہوا ہے جس میں اس کا اسکور 0.699 رہا ہے ۔ تلنگانہ نے ایز آف ڈوئنگ بزنس میں 99 فیصد نشانہ کی تکمیل کی ہے ۔ سوشیل ویلفیر اور ترقی کے شعبہ میںب ھی ہندوستان نے 0.617 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے دوسری ریاستوں پر سبقت حاصل کی ہے ۔ اس شعبہ میں عوام کو ملنے والے فوائد کا شمار کیا جاتا ہے ۔ انڈیکس کے مطابق تلنگانہ نے سب کیلئے گھر مہم میں بھی بہترین ترقی کی ہے اور اس کے پوائنٹس میں 79.06 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے ۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں 27.3 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ دیہی ضمانت روزگار اسکیم میں بھی قدرے بہتری آئی ہے ۔ ٹیکس مالیہ کے شعبہ میں بھی ریاست کی کارکردگی بہتر رہی ہے ۔