گڑھ چرولی، 24 ستمبر (یو این آئی) مہاراشٹرا میں نکسل مخالف مہم کو ایک بڑی کامیابی ملی جب چھ سینئر نکسلائیٹس نے منگل کو ڈی جی پی رشمی شکلا کے سامنے خودسپردگی کر دی۔ ان سب پر مجموعی طور پر 62 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ حکام کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں دو ڈویژنل کمیٹی ممبران بھیمنا عرف وینکٹیش عرف سکھلال کلمے تھے (58) اور ان کی اہلیہ ویمالکا عرف شنکرکا سڈمیک (56) شامل ہیں۔ ان کے ساتھ کمانڈر کویتا عرف شانتی ماجی، پی پی سی ایم کے ناگیش عرف ایتل ماڈوی، اے سی ایم ناوتاما پوی اور سمیر ناوتاما بھی شامل ہیں۔یہ سبھی نکسلائیٹ مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کی سرگرمیاں ریاستی پولیس کیلئے طویل عرصے سے چیلنج بنی ہوئی تھیں۔ ہتھیار ڈالنے والے نکسلائیٹس کو حکومت کی بازآبادکاری اسکیم کے تحت سہولیات دی جائیں گی۔
سال 2025 میں اب تک 40 نکسلائیٹس ہتھیار ڈال چکے ہیں جبکہ 2005 میں پالیسی کے آغاز سے لے کر اب تک صرف گڑھچرولی میں 716 نکسلائیٹس نے سرنڈر کیا ہے ۔
اپنے اس دورے میں ڈی جی پی رشمی شکلا نے کاوندے میں نئے پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا، نکسل مخالف کارروائیوں میں نمایاں کارکردگی پر 60 پولیس اہلکاروں کو اعزاز سے نوازا اور نکسلیوں کے ہاتھوں جاں بحق شہریوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے کے امدادی چیک فراہم کیے ۔ شکلا نے گڑھچرولی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور باقی ماندہ نکسلائیٹس سے اپیل کی کہ وہ تشدد ترک کرکے جمہوری دھارے میں شامل ہوں۔