گگن پہاڑ کی ایک بیکری میں سلینڈر دھماکہ

   

12 افراد زخمی ۔ چند کی حالت تشویشناک
حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، (سیاست نیوز) شمس آباد کی ایک بیکری میں سلینڈر پھٹنے سے تقریباً 12 افراد زخمی ہوگئے جن میں چند کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ شمس آباد گگن پہاڑ میں واقع کراچی بیکری میں سلینڈر دھماکہ پیش آیا۔ اطلاع کے فوری بعد آتش فرو عملہ مقام واردات پہنچ گیا اور راحت کاری کا آغاز کیا ۔ زخمی افراد کو فوری ڈی آر ڈی او اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمی افراد میں چند کی حالت تشویشناک بتائی گئی ۔ دھماکہ میں زخمی بیکری ورکرس بتائے گئے۔ اس بیکری میں تقریباً 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم 12 کو ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی بیکری گگن پہاڑ میں تقریباً 100 سے زائد مزدور کام کرتے ہیں۔ روزانہ کے معمول کی طرح آج صبح میں بیکری میں کام جاری تھا اور سارے مزدور غذائی اشیاء کی تیاری میں مصروف تھے اس دوران پائپ سے گیس کے اخراج کے سبب دھماکہ پیش آنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے اور زخمی مزدوروں کا تعلق شمالی ہند کی ریاستوں سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کی اطلاع کے مطابق زخمیوں کی شناخت شیواجم، بلرام، کمل کشور، دھرا سنگھ، سجیت، سونو، آدتیہ کمار، مکیش کمار، سندیپ کمار، پرمود کمار، دیپک شکلا اور پردیپ کمار کی حیثیت سے کرلی گئی جن میں بلرام، کمل کشور اور دھرا سنگھ اور پرمود کمار کی حالت تشویشناک بتائی گئی جبکہ دیگر زخمیوں کے زخم بھی معمولی نہیں ہیں ۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور ٹریفک جام ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع