گھروں میں دیندار ماحول پیدا کرنے کا مشورہ

   

بچوں اور خواتین میں دینی تعلیم لازمی ، خواتین کا اجتماع ، خاتون عالمات کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم / ڈسمبر (راست) اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے عورت کو ذلت سے نکال کر عزت و عظمت کے بلند درجات پر فائز کیا ، حضور ﷺ کا ارشاد ہے دنیا تمام فائدہ بخش ہے لیکن سب سے زیادہ فائدہ بخش چیز نیک عورت ہے ، نسل انسانی کی بقاء و فروغ کیلئے جس قدر مردوں کی ضرورت کو تسلیم کیا جاتا ہے اس طرح یا اس سے کہیں زائد عورتوں کی ضرورت کو تسلیم کرنے سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ، یہ بات اپنی جگہ صدفیصد درست ہے کہ مرد اور عورت خاندان کے دو اہم ستون ہوتے ہیں ایک گاڑی کے دو پہئے ہیں نیک عورت معاشرے کی تشکیل میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ عورت نصف انسانیت ہے انسانی معاشرہ میں جتنی اہمیت ایک مرد کو حاصل ہے اتنی ہی ایک عورت کو بھی حاصل ہے ۔ عورت کا وجود انسانی تمدن کے لئے ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے مفتیہ تہمینہ تحسین شیخ الادب جامعۃ المؤمنات نے کیا ۔ اجتماع کا آغاز قاریہ شفاء ناز کی قرأت اور قاریہ حلیمہ بیگم کی نعت شریف سے ہوا ۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے مزید کہا کہ معاشرہ کی اصلاح کیلئے اپنے گھروں کے ماحول کی اصلاح کی اشد ضرورت ہے ۔ گھر میں دیندار ماحول پیدا کرنے کیلئے عورت کے بہتر عمل کو دخل ہوتا ، عورتوں میں بے دینی کے اسباب مردوں کی بے توجہی کی وجہ سے ہے ۔ عورتیں اگر دین بیزار ہورہی ہیں تو قیامت کے دن مرد جواب دہ ہوں گے ۔ گھر کے بچوں اور عورتوں کی دینی تعلیم کیلئے مرد ہمیشہ فکر مند رہیں اصلاح معاشرہ کا اہم ترین حصہ یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرتے ہوئے زندگی گزاریں ۔ مفتیہ رضوانہ زرین نے کہا کہ اولاد کی تربیت میں ماں باپ کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ اولاد اللہ کی نعمت ہے اس کو بددعائیں دینا نعمت کی ناقدری ہے ۔ اکثر مائیں اپنی اولاد کو دعائیں دینے کے بجائے بددعائیں دیتے ہیں ، ایسا نہیں کرنا چاہیے ، والدین کی دعاؤں میں اثر ہوتا ہے ، اولاد سے محبت ، شفقت ، الفت سے پیش آنا والدین کی اہم ترین ذمہ داری ہے اس لئے کہ اولاد اور والدین کے درمیان فطری محبت ہوتی ہے ۔ ہر بیٹی کو باپ سے محبت ہوتی ہے ۔ جلسہ کا آغاز قاریہ شفا ناز کی قرأت اور حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا ۔