گھریلوبازار میں پٹرول ‘ ڈیزل کی قیمتوں میں گراوٹ جاری

   

نئی دہلی ۔31 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے نتیجہ میں گھریلوبازار میں پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں بھی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے ۔ملک کے چاربڑے شہروں میں پیر کے روز پٹرول کی قیمت مسلسل پانچویں دن کم ہوئی اور یہ ایک سال کی نچلی سطح پر پہنچ گئی ۔ڈیزل 9ماہ سے زیادہ کی نچلی سطح پر آگیا۔ دہلی میں پٹرول 20پیسے کم ہوکر 2018کی نچلی سطح 68.84 روپئے فی لیٹر رہ گیا۔ڈیزل 23پیسے کی کمی کے ساتھ 62.86 روپئے فی لیٹر رہ گیا۔ڈیزل کی قیمت اس سال 21مارچ کے بعد کی نچلی سطح پر ہے ۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اچھال کی وجہ سے 4اکتوبر کو پٹرول کی قیمت دہلی میں 84روپے اور 17اکتوبر کو ڈیزل کی قیمت 75اعشاریہ 69روپئے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پرپہنچ گئی تھی ۔صنعتی راجدھانی ممبئی میں پٹرول پیر کے روز 74اعشاریہ 47روپئے فی لیٹر رہا۔