گھریلو برقی صارفین کیلئے شرحوں میں اضافہ نہیں

   

ریگولیٹری کمیشن کا فیصلہ، اضافہ سے متعلق ڈسکامس کی تجاویز نامنظور
حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی صارفین کو اس وقت بڑی راحت ملی جب تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے گھریلو برقی صارفین کی شرحوں میں اضافہ کی تجویز کو مسترد کردیا۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے غریب اور متوسط طبقات کو راحت دیتے ہوئے 300 یونٹ سے زائد ماہانہ برقی استعمال کرنے والوں کی شرحوں میں اضافہ کی تجویز پیش کی تھی لیکن ریگولیٹری کمیشن نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ واضح رہے کہ برقی کمپنیوں نے اپنی سالانہ ریوینیو ریکوائرمنٹ رپورٹ میں کمیشن سے درخواست کی تھی کہ 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کی شرحوں میں اضافہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ ایچ ٹی صارفین کی شرحوں میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی۔ رپورٹ میں 2024-25 کے تحت ڈسکامس نے مختلف زمرہ جات کیلئے شرحوں پر نظر ثانی کی تجویز پیش کی تاکہ 1200 کروڑ کے خسارہ کو پورا کیا جاسکے۔ کمیشن کے صدرنشین سری رنگاراؤ نے کہا کہ گھریلو صارفین کے کسی بھی زمرہ کیلئے برقی چارجس میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ غیر گھریلو صارفین کے معاملہ میں کمیشن نے بعض فیصلے کئے ہیں۔ کمیشن کے صدرنشین نے بتایا کہ زرعی شعبہ کیلئے برقی شرحوں کی موجودہ پالیسی برقرار رہے گی جس کے تحت مفت سربراہی عمل میں آئے گی۔ ریگولیٹری کمیشن نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نقصانات کی پابجائی کیلئے کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور متبادل امکانات تلاش کریں۔ ڈسکامس نے 800 یونٹ سے زائد ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فکسڈ چارجس میں 10 سے 50 فیصد کے اضافہ کی تجویز پیش کی تھی۔ کمیشن نے ہائی ٹنشن زمرہ کے صارفین کیلئے بھی موجودہ چارجس کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔1