حیدرآباد۔ گھریلو تشدد اور ہراسانی کے ایک معاملہ میں عدالت نے شوہر کو تین سال کی سزا سنائی ہے۔ خاتون کی شکایت پر کشائی گوڑہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی اور آج ملکاجگیری کی ایک عدالت نے ریلوے ملازم پریم کمار کو تین سال کی سزا اس کی والدہ، بہن اور دوسری بیوی کو ایک سال کی سزا اور جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل بھوانی عرف گائتری نے سال 2016 میں شکایت درج کروائی تھی۔ گائتری اور پریم کمار کی شادی سال 2002 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ شادی کے چند سال گذرنے کے بعد گائتری کی ساس ممتا، نند ارچنا اور شوہر پریم کمار ہراساں کررہے تھے۔ خاتون کو اس بات کا پتہ چلا تھا کہ اس کا شوہر ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرچکا ہے جس کے بعد اس فیملی کے مسائل میں اضافہ ہوگیا اور گائتری کو شدید اذیت دی جانے لگی۔ سال 2014 میں پریم کمار اچانک لاپتہ ہوگیا اور گائتری نے اس کی گمشدگی کی شکایت کشائی گوڑہ پولیس میں کی تھی جبکہ اس معاملہ میں کویتا کے شوہر نے بھی بیوی کی گمشدگی کی شکایت ملکاجگیری پولیس اسٹیشن میں کروائی ۔ اچانک چند روز بعد دونوں پولیس سے رجوع ہوگئے ۔ مئی 2016 میں پریم کمار نشہ کی حالت میں گھر پہنچا اور گائتری کو زدوکوب کیا کرتا تھا۔ اس ہراسانی سے تنگ آکر خاتون نے مقدمہ درج کروایا۔ پولیس نے آج اس سلسلہ میں چارج شیٹ داخل کیا اور ملکاجگیری کی عدالت نے فیصلہ سنایا۔