سائبر آباد میں اپنی نوعیت کے منفرد پراجکٹ کا کمشنر سجنار کے ہاتھوں آغاز
حیدرآباد ۔ گھریلو تشدد کے واقعات پر قابو پانے اور متاثرین کی فوری مدد کیلئے سائبرآباد پولیس نے پٹرولنگ ٹیم کو قائم کیا ہے ۔ خواتین اور اطفال کے تحفظ اور ان کے خلاف ہونے والے تشدد کی روک تھام کیلئے یہ اپنی نوعیت کا پہلا منفرد پراجکٹ ہے ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سجنار نے اس پراجکٹ کا آغاز کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائیل 100 ڈومسٹک وائیلینس ریسپانس پٹرولنگ ٹیم کا مقصد گھریلو تشدد کے واقعات میں متاثرین کو وقت پر مدد کرنا ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر ریاستی حکومت اور سائبر آباد پولیس کے مقصد کی یاد دہانی کی اور کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شی ٹیم کے علاوہ یہ تین ٹیمیں کام کریںگی اور ڈائیل 100 شکایتوں پر خالص گھریلو تشدد کے واقعات سے نمٹنے کیلئے انہیں مختص کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شمس آباد ، مادھاپور اور بالا نگر زونس میں یہ ٹیمیں شکایتوں کا جائزہ لیں گی ۔ یہ ٹیم ، شی ٹیم اور مقامی پولیس اسٹیشن کے علاوہ بھروسہ سنٹر سے رجوع ہوگی اور یہ اقدام ضرورت کے لحاظ سے کیا جائے گا ۔ پہلے کونسلنگ اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد اقدامات کئے جائیں گے ۔ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود کے شکایت گزار شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو وہ فوری طورپر ڈائیل 100 یا 9490617261 پر کال کریں یا پھر (949061726 – 9490617444) پر واٹس ایپ کریں یا بذریعہ میل [email protected] پر شکایت درج کرسکتے ہیں ۔
