حیدرآباد ۔ فرضی دستاویزات کے ذریعہ پلاٹ ہڑپنے اور 10 لاکھ قرض حاصل کرنے والی ایک ٹولی کو حیات نگر پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ وائی کشن ساکن عبداللہ پورمیٹ، 56 سالہ کے ویراسوامی، 49 سالہ رویندر، 36 سالہ ملکارجن، 52 سالہ ویروجی اور 52 سالہ یادگیری کو گرفتار کرلیا جبکہ کرشنا ریڈی، شیخ بڑے صاحب، لنگم اور ونئے مفرور بتائے گئے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 سیل فون، فرضی دستاویزات اور سرٹیفائیڈ کاپی کو ضبط کرلیا۔ ٹولی چوکی علاقہ کے ساکن ایک شہری کی شکایت پر پولیس نے کارروائی انجام دی۔ اس شہری نے عبداللہ پورمیٹ میں 566 اسکوائر یارڈ اراضی کا پلاٹ پدا عنبرپیٹ میں خریدا تھا۔ اس پلاٹ کے فرضی دستاویزات کو تیار کرتے ہوئے اس ٹولی نے ان دستاویزات کے ذریعہ 10 لاکھ کا قرض حاصل کیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور مزید گرفتاریاں جاری ہیں۔
