زیورات اور نقد رقم کا سرقہ، پولیس کاچیگوڑہ مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ شہر کے علاقہ کاچیگوڑہ میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں ایک گھریلو خادمہ نے 85 سالہ ضعیف خاتون کا قتل کرنے کے بعد زیورات اور رقم لیکر فرار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کاچیگوڑہ چپل بازار علاقہ میں 85 سالہ کملااماں نامی خاتون کا گھریلو خادمہ نے قتل کردیا۔ کاچیگوڑہ انسپکٹر حبیب اللہ خاں نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضعیف خاتون کی تین لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے جو بیرون ملک مقیم ہیں۔ انہوں نے اپل ایک ایجنسی سے لکشمی نامی خاتون کو خادمہ کی خدمت پر مقرر کیا اور ماہانہ 16 ہزار تنخواہ پر لکشمی کملااماں کی خدمت کرتی تھی۔ پولیس کو شبہ ہیکہ اس نے ضعیف خاتون کے منہ پر تکیہ ڈال کر اس کا قتل کردیا اور 10 تولہ طلائی زیورات اور 5 ہزار روپئے لیکر فرار ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔
