گھریلو صارفین کیلئے فی یونٹ 50 پیسے اور صنعتوں کیلئے ایک روپیہ اضافہ

,

   

نئی برقی شرحوں پر یکم اپریل سے عمل آوری، ڈیسکامس کی سفارشات کو ریگولیٹری کمیشن کی منظوری

حیدرآباد۔/23 مارچ ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں یکم اپریل سے گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے برقی شرحوں میں اضافہ ہوگا۔ گھریلو صارفین کیلئے فی یونٹ 50 پیسے اور صنعتی صارفین کیلئے فی یونٹ ایک روپے کا اضافہ ہوگا۔ برقی شرحوں سے متعلق ریاستی الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے ڈیسکامس کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کی بنیاد پر برقی شرحوں میں اضافہ کی سفارش کی ہے۔ ریگولیٹری کمیشن کے صدرنشین ٹی سری رنگا راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیسکامس نے آئندہ پانچ برسوں کیلئے برقی شرحوں کی تجاویز کمیشن کو پیش کی ہیں۔ کمیشن نے سفارشات پر صارفین اور سماج کے مختلف طبقات سے تجاویز حاصل کی ہیں جس کے بعد برقی شرحوں میں اضافہ کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2022-23 میں ڈیسکامس نے 16 ہزار کروڑ کی آمدنی میں کمی کا اندازہ پیش کیا لیکن کمیشن نے 14237 کروڑ کے ریوینو گیاپ کو منظوری دی ہے۔ ڈیسکامس نے آمدنی میں اضافہ کیلئے 53 ہزار کروڑ کی سفارشات پیش کی لیکن کمیشن نے 48708 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ کمیشن نے گھریلو صارفین کیلئے فی یونٹ 50 پیسے اور صنعتی صارفین کیلئے فی یونٹ ایک روپیہ اضافہ کی منظوری دی جس پر یکم اپریل سے عمل آوری ہوگی۔ گزشتہ کے مقابلہ 38.38 فیصد شرحوں میں اضافہ کی تجویز کمیشن کو حاصل ہوئی ہے۔ صدرنشین نے بتایا کہ زرعی صارفین کیلئے شرحوں میں اضافہ کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ صدرنشین نے بتایا کہ ای وی چارجنگ کیلئے ڈیسکامس کی جانب سے پیش کردہ ٹیرف تجاویز کو قبول نہیں کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں 30 نومبر سے قبل کمیشن کے روبرو نئی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جیڈی میٹلہ میں واقع اسمارٹ گرڈ کو مکمل طور پر توسیع دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔زراعت کے علاوہ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کیلئے کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ان کی سبسیڈی ادا کرے گی۔ ر

گھریلو صارفین کی نئی شرحیں
٭ ایل ٹی1A صارفین کیلئے 51 سے 100 یونٹ تک 2.60 روپئے سے 3.10 روپئے کا اضافہ۔
٭ ایل ٹی 1B صارفین کو 100 یونٹ تک 3.30 روپئے فی یونٹ سے 3.40 روپئے فی یونٹ کا اضافہ۔
٭ ایل ٹی 1B(2) صارفین کیلئے 401 سے 800 یونٹ تک 9 روپئے سے 9.50 روپئے فی یونٹ کا اضافہ۔
٭ ایل ٹی 1B(2) کے تحت 800 یونٹس سے زائد پر 9.50 روپئے سے 10 روپئے فی یونٹ کا اضافہ۔
ایل ٹی 2 صارفین کیلئے 500 یونٹ سے زائد پر 10 روپئے سے فی یونٹ 11 روپئے کا اضافہ ۔
ایل ٹی 2B کے تحت 301 تا500 یونٹ تک 9.40 روپئے سے 10.40 روپئے فی یونٹ کا اضافہ۔
ایل ٹی 2C زمرہ کے صارفین کیلئے فی یونٹ 12 روپئے سے بڑھا کر 13 روپئے کردیا گیا۔