گھریلو قرنطینہ مریضوں کی نگہداشت کیلئے کال سنٹر

   

کونسلنگ اور ادویات وغیرہ تجویز کرنے میں سہولت ملنے کا امکان
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے گھریلو قرنطینہ میں موجود کورونا وائرس کے مریضوں کی نگہداشت ‘ ان کی کونسلنگ اور انہیں ادویات کی تجویز کے لئے کال سنٹر کا آغاز کردیا گیا ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے گھر یلو قرنطینہ میں موجود افراد کے فون کے ذریعہ علاج کیلئے 200 ٹیلی کالرس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں جو کہ کونسلنگ کے علاوہ گھروں میں موجود مریضوں کی نگہداشت ‘ رہنمائی اور ادویات کی تجویز کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ گھروں میں موجود ہزاروں مریضوں کو سہولت پہنچانے کی غرض سے اس سہولت کا آغاز کیا گیا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے شروع کی گئی کال سنٹر خدمات کا نمبر 18005994455 ہے جس پر فون کرتے ہوئے مریض اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کال سنٹر خدمات کے دوران مریضوں کی صورتحال سے آگہی کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جار ہاہے کہ انہیں گھر میں قرنطینہ جاری رکھنا چاہئے یا انہیں کسی دواخانہ میں شریک کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق مریض کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹیلی کالر کی جانب سے مریضوں کو دواخانہ منتقلی کی ضرورت پڑنے پر 108 ایمبولنس خدمات کو مطلع کیا جا رہاہے اور ان کی جانب سے سفارش کردہ دواخانہ میں شریک کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع کے لئے یہ خدمات کارکرد ہیں اور لوگ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی کال سنٹر خدمات سے بھر پور استفادہ حاصل کرر ہے ہیں۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایاکہ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں گھریلو قرنطینہ اختیار کرنے والے مریضوں کی جانب سے اس کال سنٹر خدمات کے ذریعہ انہیں نہ صرف علاج و معالجہ بلکہ ان کی کونسلنگ کے ساتھ غدائی اشیاء کے استعمال کے طریقہ کار کے علاوہ ادویات کے متعلق بھی تفصیلات سے واقف کروایا جا رہاہے۔