ریاض۔10 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ گھریلو ملازماؤں کے لیے اسپیشل کیئر سنٹر قائم کیا جائے گا جہاں کفیلوں (اسپانسر) سے مفرور اور خدمات سے منع کرنے والی گھریلو ملازماؤں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزارت افرادی قوت چاہتی ہے کہ گھریلو ملازماؤں کے حوالے سے دنیا بھر میں سعودی عرب کی اچھی تصویر بنے۔اس حوالے سے منفی پروپیگنڈے کا عملی جواب دیا جائے۔ اسی لیے گھریلو ملازماؤں کے لیے سپیشل کیئر سنٹرقائم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ سعودی عرب کے حوالے سے کئی باتیں بیرونی میڈیا میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ملازمائیں سعودی ایرپورٹس یا بندرگاہوں پر پہنچتی ہیں تو ریکروٹنگ ایجنسیوں کے نمائندے یا ملازماؤں کی خدمات حاصل کرنے والے سعودی موجود نہیں ہوتے جس کی وجہ سے ملازمائیں مشکلات سے دوچار ہوجاتی ہیں۔وزارت افرادی قوت نے کیئر سنٹر قائم کرنے کا پروگرام یہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے بنایا ہے۔آئندہ گھریلو ملازماؤں کو ایرپورٹ پہنچنے پر کیر سنٹر کے حوالے کردیا جائے گا جہاں انہیں کھانے پینے، رہنے کی تمام سہو لتیں مہیا ہوں گی۔ریکروٹنگ ایجنسیوں کے نمائندے اور سعودی کفیل انہیں کیر سنٹر پہنچ کر کاغذی کارروائی مکمل کرکے اپنے گھر لے جاسکیں گے۔وزارت افرادی قوت نے گھریلو ملازماؤں کے دیگر مسائل حل کرنے کے لیے سخت ضابطے مقرر کیے ہیں۔ ان ضابطوں کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے بھی بعض ملازمائیں کفیلوں سے فرار ہوجاتی ہیں اور کئی ایسی ہوتی ہیں جو کفیلوں کی جانب سے طلب کیے جانے والے متعدد کام انجام دینے سے معذرت کرلیتی ہیں۔ وزارت نے کفیلوں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ ایک پابندی یہ ہے کہ گھریلو ملازمہ سے کفیل ایسا کوئی کام نہیں لے سکتا جو ملازمت کے معاہدے میں شامل نہ ہو۔گھریلو ملازم یا ملازمہ سے کوئی ایسی ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی جس سے اس کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوتا ہو۔