گھر بیٹھے کھانا منگوانے والوں کی نیندیں حرام ، ڈیلیوری بوائے کو کورونا وائرس

   

Ferty9 Clinic

فوڈ ڈیلیوریز کے گھروں کی نشاندہی اور مکینوں کا معائنہ ، رمضان میں حلیم ڈیلیوری پر بھی تجسس
حیدرآباد۔20 اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کے کورونا وائرس کے مصدقہ مریض کی حیثیت سے شناخت نے گھر بیٹھے کھانا منگوانے والوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔شہر حیدرآباد کے علاقہ نامپلی میں رہنے والے نوجوان میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کے بعد ان کے معائنہ کئے گئے اور اس کے نتائج مثبت پائے جانے کے بعد شہری انتظامیہ نے حرکت میں آتے ہوئے نوجوان کی جانب سے جن گھروں میں فوڈ ڈیلیوری انجام دی گئی ا ن کے گھروں کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ ان گھروں کے مکینوں کے معائنہ کو یقینی بنایاجاسکے۔ شہر حیدرآباد میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کے معائنہ اور اس کے مثبت پائے جانے کے بعد ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم کی سربراہی کے متعلق کی جانے والی حکمت عملی بھی ماند پڑتی نظر آرہی ہے کیونکہ فوڈ ڈیلیوری بوائے میں کورونا وائرس پائے جانے کے بعد جوصورتحال پیدا ہوئی ہے وہ ہوٹل مالکان کیلئے بھی تفکرات کا باعث بننے لگی ہے۔ دو یوم قبل ممبئی میں ایک پیزا ڈیلیوری بوائے کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد یہ خدشات پیدا ہوگئے تھے اور ہوٹل مالکین کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم کی تیاری کے متعلق پس و پیش کیا جانے لگا تھا لیکن اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ آئندہ دو یوم کے دوران کیا جانے والا تھا لیکن اب حیدرآباد میں ڈیلیوری بوائے کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد یہ بات طئے ہوچکی ہے کہ شہر میں ہوٹل مالکین جو کہ ڈیلیوری پر انحصار کئے ہوئے تھے اب وہ حلیم کی تیاری کے منصوبہ سے دستبردار ہوجائیں گے۔