نیتوں کو درست کرلینے کی تلقین، نارائن پیٹ میں تربیتی اجتماع، مقررین کا خطاب
نارائن پیٹ۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ حج سوسائٹی کی جانب سے نارائن پیٹ ضلع کے عازمین حج 2023 کا ایک روزہ تربیتی اجتماع میٹرو کلاسک فنکشن ہال نارائن پیٹ میں صدر حج سوسائٹی نارائن پیٹ جناب امیر الدین ایڈوکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی کے طور پر جناب امتیاز اسحاق، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن، جناب غیاث الدین قادری سجادہ نشین، سرپرست حج سوسائٹی نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز جناب احمد حسینی اشرفی، جانشین سجادہ نشین کریم پلی کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت شریف جناب حافظ فخر الدین تاج نے پیش کی۔ مولانا حافظ عبدالقوی حسامی، نائب صدر حج سوسائٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عازمین حج کو سب سے پہلے اپنی نیتوں کو درست کرلینا چاہئے۔ بڑے سے بڑے عمل کا دارومدار نیتوں پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج خوش نصیبوں کو ہی نصیب ہوتا ہے اور حج جیب سے نہیں غیب سے عطا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کی قبولیت کا دارومدار حج کے بعد والی زندگی پر منحصر ہوتا ہے۔ حج کے بعد کی زندگی میں نمایاں تبدیلی ضروری ہے۔ حاجی اللہ کے مہمان ہوتے ہیں۔ گھر سے نکلنے سے لے کر گھر واپسی تک اللہ حاجیوں کی ہر دعا قبول فرماتا ہے۔ جناب امتیاز اسحاق نے نارائن پیٹ ضلع کے لئے عازمین حج کے علیحدہ کوٹہ مقرر کئے جانے پر حج سوسائٹی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع سے اس سال 47 عازمین حج بیت اللہ کی سعادت نصیب ہونے پر اہلیان نارائن پیٹ و ضلع کو مبارکباد دی۔ مہمان مقررین مولانا الحاج سید شاہ مصطفی علی صوفی حسینی و حسینی سعید پاشاہ اور مولانا الحاج ڈاکٹر حافظ سید مرتضیٰ علی صوفی حسینی، حسینی حیدر پاشاہ نے عازمین حج کو مکہ و مدینہ منورہ زیارت کے آداب حج و زیارت کی عملی تربیت دی۔ جناب امیر الدین ایڈوکیٹ صدر حج سوسائٹی نے افتتاحی کلمات میں سوسائٹی کی رپورٹ پیش کی۔ جناب مجاہد صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب عبدالسلیم ایڈوکیٹ نے اظہار تشکر کیا۔ اس اجتماع میں ذمہ داران حج سوسائٹی، جناب خلیل احمد تاج، جناب اعجاز حسین، جناب محمد غوث انجینئر، مولانا احمد حسینی، مولانا شفاعت علی، عبدالقدیر، سرفراز حسین انصاری، عظیم الدین، محمد ریاض رنگریز، محمد تقی، موذن، تقی چاند، محمود انصاری، عبدالغفور سنڈکے، غوث چاند، و دیگر نے شرکت کی۔ اجتماع میں مستقر کے علاوہ مکتھل، کوسگی، کانکرتی، مریکل، کے عازمین حج، مرد و خواتین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کے لئے دوپہر کے طعام کا نظم کیا گیا تھا، فنکشن ہال میں نماز ظہر باجماعت ادا کی گئی۔