نئی دہلی : /26 مارچ (ایجنسیز) الہ آباد ہائیکورٹ میں حالیہ دنوں مذہبی آزادی سے متعلق اہم فیصلے دینے والے جج اتل سریدھرن کا روسٹر تبدیل کردیا گیا ہے ۔ اب وہ گھریلو عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں اور بزرگوں کی کفالت سے متعلق مقدمات کی سماعت کریں گے ۔یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے جب جسٹس سریدھرن نے بریلی میں ایک گھر میں باجماعت نماز پر پابندی کے معاملہ میں سخت ریمارکس دیئے تھے اور ضلعی انتظامیہ کو عدالت میں طلب کیا تھا ۔ انہوں نے رمضان کے دوران سنبھل کی مسجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی تھی ۔ نئے روسٹر کے تحت اب ان مقدمات کی سماعت جسٹس سریل شریواستو اور جسٹس گریما پرساد کی بنچ کرے گی ۔ یہ تبدیلی چیف جسٹس ارون بھنسالی کے حکم پر جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے تحت عمل میں آئی ہے جس کا اطلاق حال ہی میں ہوا ہے ۔