ممبئی، 02 مئی (ے و اے ن آئی) ہٹمین کے نام سے مشہور ہندستان کے اوپنر روہت شرما کورونا کے سبب ملک میں لگے لاک ڈاؤن کے دوران خود کو مصروف رکھنے کے لئے اپنے گھر کی بالکنی میں فٹنس پریکٹس کر رہے ہیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کو 17 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے ۔ اس دوران تمام کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور کھلاڑی اپنے اپنے گھروں میں ٹریننگ اور ورزش کرکے خود کو مصروف رکھ رہے ہیں۔ہندستان کی محدود اوورز کی ٹیم کے نائب کپتان روہت نے اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی سے کہا کہ میں اپارٹ مینٹ میں رہتا ہوں اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میرے گھر میں بالکنی ہے ، جہاں میں دوڑتا ہوں اور ٹرینر کی طرف بتائی کچھ ورزش کرتا ہوں۔میں خود کو فٹ رکھنے کے لئے جو بن سکتا ہے وہ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ جم جلد ہی کھل جائیں تاکہ میں وہاں جاکر اپنی فٹنس پر توجہ رکھ سکوں۔لیکن سچ کہوں تو میں بلے بازی کو بہت مس کرتا ہوں۔جیسا آپ کو پتہ ہے کہ مجھے بڑے شاٹ کھیلنا بہت پسند ہیں ۔ لیکن یہاں اتنی جگہ نہیں ہے ۔میں باہر جانے کا انتظار کر رہا ہوں جب میں کرکٹ کھیل سکوں گا۔
روہت نے کہا کہ کاش میرے پاس انڈور کرکٹ کھیلنے کے لئے ضروری جگہ ہوتی لیکن ممبئی میں ایسا ہو پانا مشکل ہے اور آپ کو اپنے اپارٹ مینٹ میں ہی رہنا پڑتا ہے ۔
ہم آپ کی طرح خوش قسمت نہیں ہیں جن کے پاس خود کا بیک یارڈ ہوتا ہے جہاں آپ پریکٹس کر سکتے ہیں۔