برازیلیا: برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیر پرریوڈی جنیرو کے قریب اپنی حویلی میں غیرقانونی جھیل تعمیر کرنے پر 3.3ملین ڈالر(91 کروڑ 41 لاکھ)جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ کونسل سکریٹریٹ نے کہا کہ کھلاڑی کی حویلی میں ایک مصنوعی جھیل کی تعمیر میں ماحولیاتی قواعد کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ منگاراتیبا علاقہ سیاحوں میں مقبول ہے جوکہ ریو شہر سے 130کلومیٹر (80 میل)کے فاصلے پر واقع ہے۔ گزشتہ دنوں متعلقہ حکام تعمیراتی کام رکوانے گئے تو نیمار کے والد ڈی سلوا سانتوس نے رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ حکام سے بدتمیزی بھی کی، جس پر انہیں حراست میں لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔ دوسری جانب برازیل فٹبال ٹیم کے کپتان نیمار جونیر کے پاس جرمانے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 20 دن کا وقت ہے۔ برازیلین میڈیا کا کہنا ہے کہ نیمار نے حویلی میں ایک پارٹی کی میزبانی کی تھی جبکہ سرکاری احکامات کے باوجود جھیل میں نہایا گیا ۔ نیمار کے پریس آفس نے ان خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ خود نیمار سے اس ضمن میں رابطہ نہیں ہوسکا۔