بھارت نیٹ کے تحت 3,189 کروڑ روپے کی منظوری
حیدرآباد، 25 نومبر (سیاست نیوز) ریاست کے دیہات میں گھر گھر تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ’’ٹی-فائبر‘‘ (تلنگانہ فائبر گرڈ) پروجیکٹ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ تجرباتی طور پر چار دیہات میں شروع کی گئی ٹی-فائبر خدمات کامیاب ہونے کے بعد حکومت نے پوری ریاست میں گھر گھر یہ خدمات فراہم کرنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔ بھارت نیٹ پروگرام (بی بی پی) کے تحت ریاست میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے کاموں کو اپ گریڈ کرنے اور تیسرے مرحلے کے کاموں کے لیے مرکز نے 3,189 کروڑ روپے منظور کیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے منصوبہ بنایا ہے کہ ان فنڈز سے آئندہ دس برس تک بغیر کسی رکاوٹ کے دیکھ بھال کی جائے۔ پوری ریاست میں چھ ماہ کے اندر 3 لاکھ کنکشنوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ٹی-فائبر خدمات میں تیزی لائی گئی ہے۔مرکز نے پہلے مرحلے میں پوری ریاست کے 3 لاکھ گھروں کو انٹرنیٹ کنکشن دینے کے ہدف کی منظوری دی ہے۔ زمینی سطح پر خدمات فراہم کرنے کے لیے 9 ہزار مقامی کیبل آپریٹرز (ایل سی او) مقرر کیے گئے ہیں۔ بھارت نیٹ پروجیکٹ کے تحت اب تک 9,662 دیہات میں 42 ہزار کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) بچھائی جا چکی ہے۔ ان میں سے 8,966 گرام پنچایتوں کے کنکشن مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 8,895 دیہات میں انٹرنیٹ خدمات شروع کی جائیں گی۔ حال ہی میں مرکز نے کھمم، رنگا ریڈی اور نظام آباد اضلاع کے مزید 3,089 دیہات کو بھی ٹی-فائبر فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے ، جس کے بعد پوری ریاست میں حکومت خود انٹرنیٹ فراہم کر سکے گی۔ 3,189 کروڑ روپے ریاست بھر میں کیبل بچھانے ، دس برس کی دیکھ بھال اور ان تین اضلاع میں کیبل کا نظام قائم کرنے پر خرچ کیے جائیں گے۔ریاست کے چار دیہات کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت منتخب کر کے وہاں ٹی-فائبر خدمات شروع کی گئیں۔ ضلع پیدا پلی کے اڈوی سری رام پور کے علاوہ ضلع رنگا ریڈی کے حاجی پلی، ضلع نارائن پیٹ کے مدور اور ضلع سنگا ریڈی کے سنگو پیٹ دیہات میں ڈیجیٹل خدمات جاری ہیں۔ حیدرآباد سے 200 کلومیٹر دور واقع اڈوی سری رام پور کے ضلع پریشد ہائی اسکول کے طلبہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز کی مدد سے سبق سیکھ رہے ہیں۔ طلبہ ٹی-فائبر انٹرنیٹ کی مدد سے اے آئی ریسرچ اسسٹنٹ استعمال کر رہے ہیں۔ درسی کتابوں سے آگے کی باتیں جاننے اور اپنے سوالات کے جواب حاصل کرنے کے لیے طلبہ وائس کمانڈز استعمال کر رہے ہیں۔ اسی طرح دیگر تین دیہات کے سرکاری اسکولوں میں بھی طلبہ کو ڈیجیٹل طریقے سے تعلیم دی جا رہی ہے۔ریاست کے 41,275 سرکاری دفاتر میں پرائیویٹ نیٹ ورک کے استعمال پر حکومت سالانہ 85.78 کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے۔ اب تک 19,345 سرکاری دفاتر کو ٹی فائبر کنکشن دیے جانے سے ادارے کو 52.75 کروڑ روپے کی آمدنی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت کو 33 کروڑ روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ پہلے سیکریٹریٹ میں انٹرنیٹ پر 17 کروڑ روپے خرچ ہوتے تھے۔1/m/b