نئی دہلی، 18 دسمبر (یو این آئی) گھنے کہرے اور کم حد نگاہ کے باعث دہلی، چنڈی گڑھ، پٹنہ اور شمالی و مشرقی ہندوستان کے دیگر ہوائی اڈوں پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے جس کے پیش نظر متعدد ایئرلائنز نے مسافروں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ ایئر انڈیا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں دہلی سمیت کئی ہوائی اڈوں پرگھنا کہرا پروازوں کو متاثر کر سکتا ہے اور اس کا ممکنہ اثر اس کے پورے نیٹ ورک پر پڑ سکتا ہے ۔ ایئرلائن نے کہا کہ آپ کے سفر کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد کیلئے ، خصوصاً تہواروں کے سیزن کے دوران، ہماری گزارش ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے قبل اپنا ‘فلائٹ اسٹیٹس’ اچھی طرح چیک کر لیں۔ مسافروں کی سہولت کی غرض سے ایئر انڈیا نے کہرے سے متعلق رکاوٹوں کو کم کرنے کیلئے کئی پیشگی اقدامات کیے ہیں۔
تاہم اگر گھنے کہرے کے باعث اچانک پروازیں منسوخ ہو جائیں یا غیر معمولی تاخیر ہو تو ہمارے گراؤنڈ اسٹاف کے اہلکار 24 گھنٹے آپ کی مدد کے لیے دستیاب رہیں گے۔
اور متبادل انتظامات کریں گے ۔ ایئرلائن کی فوگ کیئر پہل کے تحت متاثر ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو پہلے ہی اطلاع دی جائے گی اور وہ بغیر کسی اضافی فیس کے پرواز تبدیل کر سکتے ہیں۔
یا بغیر کسی جرمانے کے مکمل کرایہ واپس لے سکتے ہیں۔
دہلی :زہریلی دھند کی دبیز چادر،اے کیو آئی انتہائی خراب درجہ پر
نئی دہلی، 18 دسمبر (یو این آئی) قومی دارالحکومت دہلی کے بیشتر حصوں میں جمعرات کی صبح زہریلی دھند کی گھنی چادر چھائی رہی، جس کے باعث حدِ بصارت میں شدید کمی آئی اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔انڈیا گیٹ، ایمس، اکشردھام، آئی ٹی او اور باراپلہ فلائی اوور سمیت اہم مقامات پر فضائی آلودگی کے باعث حدِ بصارت نہایت کم تھی، جبکہ شہر بھر میں آلودگی کی سطح میں خطرناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب سے شدید درجے تک رہا۔انڈیا گیٹ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 344 ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی خراب زمرے میں آتا ہے۔
، جبکہ ایمس علاقے میں 273، اکشردھام میں 416، آئی ٹی او میں 398 اور باراپلہ فلائی اوور پر اے کیو آئی 356 درج کیا گیا۔
