حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے واٹس ایپ کے ذریعہ غیر قانونی طور پر چلائے جارہے گھوڑوں کی ریس پر سٹہ کو بے نقاب کردیا ۔ اور تین رکنی ٹولی میں دو افراد کو گرفتار کرلیا جو آن لائن واٹس ایپ گروپ کو تیار کرتے ہوئے گھوڑوں کو ریس پر سٹہ چلا رہے تھے ۔ پولیس نے 45 سالہ بوجی ونود کمار اور 23 سالہ آر سائی کمار ساکنان گرین ہلز کالونی کتہ پیٹ کو گرفتار کرلیا جب کہ اصل سرغنہ ادیش سنگھ ساکن ممبئی مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے تین لاکھ روپئے نقد رقم اور 7 لاکھ 20 ہزار روپئے بینک اکاونٹ کو ضبط کرتے ہوئے تین موبائل فون اور دیگر اشیاء کو بھی ضبط کرلیا ۔ جن کی جملہ مالیت 11 لاکھ 50 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بٹ 365 ایپ کے ذریعہ سکرین شاٹ کو حاصل کرتے ہوئے تیار کردہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کرتے تھے اور گھوڑوں کی ریس کی تفصیلات کو حاصل کرتے ہوئے اس پر سٹہ چلا رہے تھے ۔ اس غیر قانونی ریس میں شامل ہونے والے افراد سے بذریعہ آن لائن رقمی تبادلہ ہوا کرتا تھا ۔ ادیش سنگھ کی جانب سے بوجی ونود کمار کو بیٹنگ کے اختیارات فراہم کئے تھے اور ونود کمار تمام تر کارروائی کو انجام دیا کرتا تھا جس پر ادیش سنگھ کی جانب سے 5 فیصد کمیشن کے طور پر رقم دی جاتی تھی ۔ ریس کورس کے احاطہ کے علاوہ دیگر کسی بھی مقام پر گھوڑوں کی ریس کسی بھی ذریعہ سے منعقد کرنا یا پھر ریس کے اقدامات کو انجام دینا غیر قانونی مانا جاتا ہے ۔ بوجی ونود کمار باضابطہ اپنے مکان سے اس غیر قانونی اقدام کو انجام دے رہا تھا ۔ پولیس مفرور اصل سرغنہ ادیش سنگھ کو تلاش کرلیا ہے ۔۔ ع