گھٹکیسر فائرنگ واقعہ، پولیس کو چھتیس گڑھ کے نوجوان کی تلاش

   

ملزم کو طفنچہ فراہم کرنے کی اطلاع پر پولیس کے اقدامات کا آغاز
حیدرآباد۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر میں 22 اکٹوبر کو پیش آئے گاؤ رکھشک پر فائرنگ واقعہ میں پولیس کو چھتیس گڑھ کے ایک نوجوان کی تلاش ہے جس نے مبینہ طور پر اس کیس کے کلیدی ملزم محمد ابراہیم قریشی کو دیسی ساختہ ہتھیار فراہم کیا ہے۔ حملے کے اندرون 12 گھنٹے ابراہیم قریشی اور اس کے دو ساتھی کے سرینواس، حسن بن محسن کو رچہ کنڈہ پولیس نے 28 سالہ بی پرشانت کمار عرف سونو سنگھ پر ہوئی فائرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ طفنچہ اور موقع واردات سے 2 استعمال شدہ کارتوس بھی برآمد کرلئے تھے۔ اس واقعہ سے گاؤرکھشکوں کا بڑے جانوروں کے تاجرین پر ظلم اور جبراً وصولی کا معاملہ کھل کر سامنے آگیا تھا چونکہ سونو سنگھ، ابراہیم قریشی کو گزشتہ چند سال سے بڑے جانوروں کے کاروبار میں رکاوٹ نہ پیدا کرنے کیلئے دی جانے والی 2 لاکھ روپئے کی رقم میں 3 لاکھ روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے کرتے ہوئے اسے 5 لاکھ کردینے کا مطالبہ کررہا تھا۔ اتنا ہی نہیں رقم ادا نہ کرنے پر اسے مقدمات میں بھی ماخوذ کروا رہا تھا اور ابراہیم قریشی کے خلاف اب تک پانچ مقدمات درج کروانے میں سونو سنگھ نے اہم رول ادا کیا تھا۔ مسلسل ہراسانی سے تنگ آکر ابراہیم قریشی نے مبینہ طور پر چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے شاہ نور قریشی کو اپنی اس پریشانی سے واقف کرایا جس کے بعد وہاں سے گاؤرکھشکوں کو سبق سکھانے کیلئے ایک دیسی ساختہ طفنچہ فراہم کیا تھا۔ 22 اکٹوبر کو پریشانت کمار عرف سونو سنگھ نے شاہ آباد کے متوطن کے سرینواس کی مدد سے ابراہیم قریشی کو شہر کے مضافاتی علاقہ گھٹکیسر جو پوچارام آئی ٹی کاریڈور پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے، طلب کیا اور اسے اضافی رقم پر بحث و تکرار کرتے ہوئے پرانے شہر کے نوجوان کو گالی گلوج کی تھی۔ ابراہیم قریشی نے مبینہ طور پر سونو سنگھ پر دیسی ساختہ طفنچے سے اس کے سینہ پر فائرنگ کردی تھی۔ اس حملے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اب وہ سکندرآباد کے ایک دواخانہ میں زیرعلاج ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر 23 اکٹوبر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ سونو سنگھ اور ابراہیم قریشی کے درمیان پرانے تعلقات ہے اور رقمی لین دین کے سبب ہی یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے محمد ابراہیم قریشی اور اس کے ساتھیوں کو اپنی تحویل میں لے کر مزید پوچھ گچھ کرے گی اور شاہ نور قریشی کی گرفتاری کیلئے چھتیس گڑھ کیلئے ایک ٹیم بھی روانہ کی جارہی ہے۔ ب