اجمیر۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے سابق وزیر ٹرانسپورٹ یونس خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی اشوک گہلوت اور نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کے درمیان فاصلوں سے ریاست کی حالت بگڑ رہی ہے ۔ مسٹر خان گزشتہ رات اجمیر کے جواہر لال نہرو اسپتال میں مکرانا میں گولی سے زخمی نواب کی خیر و عافیت دریافت کرنے یہاں آئے ۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ موجودہ حکومت کے 14 ماہ کے طریقہ کار سے عوام میں مایوسی ہے ۔ بی جے پی حکومت کے کام عوام نے دیکھے ہیں اور کانگریس حکومت کے بھی دیکھ رہے ہیں ۔ عام لوگ حکومت کے طریقہ کار سے پریشان ہیں ۔ مسٹر خان نے کہا کہ وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کو ساتھ بیٹھ کر عوام کی پریشانی دور کر کے انہیں راحت پہنچانے کی سمت کام کرنا چاہئے ۔ واضح ر ہے کہ منگل کی شب اجمیر ڈویژن کے مکرانا میں ڈیڈوانا سے آئی بارات پر نامعلوم افراد نے گولیاں چلا دیں تھیں، جس میں ایک کی موت ہو گئی جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ۔ اسی زخمی کا اجمیر میں علاج کیا جا رہا ہے ، جسے دیکھنے یونس خان اجمیر پہنچے ۔ اس معاملے میں اب تک ملزمان کا سراغ نہیں لگا ہے ۔