گہلوٹ کے وفاداروں کو کانگریس کی نوٹس سنگین ڈسپلن شکنی پر سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ

   

نئی دہلی : چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ جنھیں کئی کانگریس قائدین نے اُن کے وفادار ایم ایل ایز کی بغاوت کیلئے مورد الزام ٹھہرایا، اُنھیں پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کو پیش کردہ رپورٹ میں بے قصور بتایا گیا ہے۔ راجستھان اُمور کے انچارج اجئے ماکن جو اتوار کے ڈرامے کے دوران جئے پور میں موجود تھے اور جنھوں نے دہلی واپسی کے بعد رپورٹ پیش کی، اُنھوں نے خصوصیت سے 3 ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی تجویز پیش کی ہے۔ اِس فہرست میں چیف وہپ مہیش جوشی، آر ٹی ڈی سی چیرمین دھرمیندر راتھوڑ اور شانتی دھاریوال شامل ہیں جنھوں نے ایم ایل ایز کے متوازی اجلاس کی میزبانی کی جہاں شرکاء نے گہلوٹ کی راجستھان سے دوری کی صورت میں اگلے چیف منسٹر کے بارے میں قرارداد منظور کی تھی۔