نئی دہلی : رحمت و مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ رمضان کی آمد کے پیش نظر قومی اور ملی تنظیم آل انڈیا تنظیم علماء حق کے قومی صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی نے سال کے گیارہ مہینوں کی طرح اس مہینے کو بھی لہوو لعب کی نذر ہونے سے بچانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا اللہ تبارک و تعالی نے یہ نیکیوں کا موسم بہار ہم انسانوں کو اس لیے عطا فرمایا ہے کہ ہم انسان پورے گیارہ ماہ دنیا وی ضرورتوں کی تکمیل میں سر گرداں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نفسانی خواہشات کی تکمیل کے چکر میں کچھ اس طرح الجھ جاتے ہیں کہ ہمارے دل و ماغ سے اپنی تخلیق کا مقصد بھی فوت ہوجاتا ہے اور ہم انسان اپنی بشری کمزوریوں کے باعث نفس اورخواہش نفس کی تکمیل میں قدم قدم پر شرعی حدودوقیودکو پھلانگ جاتے ہیں۔ نہ ہمارے ذہنوں میں قرآن و حدیث میں وارد ہونے والے احکامات وہدایات کی پاس داری کا خیال رہتا ہے اور نہ صحابہ، تابعین اور سلف صالحین کے طور طریقوں کا کوئی گزر۔ اس لیے خدائے حکیم نے انسانی تخلیق کا ‘عہد الست’ والا فراموش شدہ سبق، ہمیں از سرنو یاد دلانے کیلئے ایک خاص موقع مقرر فرمایا ہے۔