نئی دہلی : سپریم کورٹ نے گیان واپی مسجد میں پائے گئے مبینہ شیولنگ (فوارہ) کی تاریخ معلوم کرنے کیلئے کاربن ڈیٹنگ کے بشمول سائنٹیفک سروے کیلئے الہ آباد ہائیکورٹ کے حکم پر آج روک لگادی۔ الہ آباد ہائیکورٹ نے 12 مئی کو وارانسی کی مسجد میں مبینہ طور پر پائے گئے شیولنگ (فوارے) کی تاریخی حیثیت کے تعین کیلئے جدید ٹکنالوجی کے استعمال کا حکم دیا تھا۔ یہ مبینہ شیولنگ مئی 2022ء میں گیانواپی مسجد کے سروے کے دوران ملا تھا۔ الہ آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے حکم پر اگلی ہدایت تک اسٹے لگادیا ہے۔