وارانسی:گیانواپی مسجد معاملے پر وارانسی ضلع کورٹ نے معاملے سے جڑے سبھی کیسز کو کلب (یکجا) کرنے کا حکم دیا ہے۔ اب سبھی ا?ٹھ معاملوں کی اجتماعی طور سے سماعت ہوگی۔ اب ایک ہی عدالت میں گیانواپی سے جڑے سبھی معاملوں کی ایک ساتھ سماعت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ وارانسی کے ضلع جج ڈاکٹر اجئے کرشن وشویش کی عدالت نے ہندو فریق کے ذریعہ معاملوں کو کلب کرنے سے متعلق داخل عرضی پر یہ فیصلہ سنایا ہے۔یہ کیس گیانواپی میں مبینہ شیولنگ ملنے، اس کی سائنسی جانچ اور احاطہ کا سروے، شری وشوناتھ جی کو اپنے علاقہ پر اختیار، ماتا شرنگار گوری کی پوجا کا حق جیسے معاملوں سے جڑا ہے۔ گیانواپی شرنگار گوری معاملے سے جڑی چار خاتون عرضی دہندگان نے ضلع عدالت میں اپیل داخل کر کہا تھا کہ یہ آٹھوں مقدمات ایک ہی طرح کے ہیں، ایک ہی معاملے سے جڑے ہیں اور اپنے اپنے حقوق کے لیے داخل کیے گئے ہیں، لیکن سبھی کی سماعت وارانسی میں ہی الگ الگ عدالتوں میں چل رہی ہے۔ اس سے کئی بار نااتفاقی اور غلط فہمی کی حالت بھی بنتی ہے۔
